تھنہ منڈی // ضلع راجوری کے تھنہ منڈی سب ڈویژن کے ایک نجی سکول کے کووڈ مثبت آنے والے بچوں کو محکمہ صحت کی جانب سے کووڈ کئیر سنٹروں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں تحصیل انتظامیہ نے گزشتہ روز سے ہی ان تمام بچوں کو کووڈ کئیر سینٹر پلانگڑھ میں منتقل کرنے کیلئے مہم شروع کی چنانچہ متاثرہ بچوں کو ان کے گھروں سے اٹھا کر سی سی سی پلانگڑھ منتقل کر دیا گیا۔ متاثرہ طالب علموں کو علاقے میں وائرس کے کمیونٹی پھیلاؤ کو روکنے اور مزید علاج کیلئے الگ تھلگ کر کے کورونا کیئر سنٹر پلانگڑھ منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔وہیں کووڈ متاثرہ طلباء کے والدین نے مقامی انتظامیہ کی جانب سے طلباء کو ان کے گھروں میں بھیجنے کی غفلت شعاری کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ مثبت آنے کے باوجود ان کے بچوں کو کھلا چھوڑ دیا گیا اور کسی نے انھیں آگاہ کرنے کی کوشش بھی نہیں کی۔ اس موقع پر چیف میڈیکل آفیسر راجوری ڈاکٹر شمیم بھٹی ، ڈپٹی سی ایم راجوری، بی ایم او ڈاکٹر نگینہ، ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر، چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر، تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری اور طبی عملہ کے دیگر عہدیداروں اور مقامی انتظامیہ نے بچوں کے والدین کو مطمئن کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ان کے بچوں کے دوبارہ ٹیسٹ کئے جائیں گے تاکہ علاقہ میں اور بیماری نہ پھیل سکے کیونکہ گزشتہ روز یہ سب بچے کرونا مثبت پائے جانے کے بعد اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے تھے۔