سرینگر// حکومت نے انتظامی سیکریٹریوں کو عوامی وفود و نمائندوں سے ملاقات سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو عوامی مسائل کے ازالہ کیلئے روزانہ کی بنیادوں پر بعد از دوپہر ایک گھنٹہ دفاتروں میں دستیاب رہنے کے لئے کہا ہے۔سرکار نے بدھ کو ایک سرکیولر جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے امسال جولائی میں تمام انتظامی سکریٹریوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ عوامی مسائل کے ازالہ کیلئے،وفود اورعوامی نمائندوں سے ملاقات کے لیے ترجیحی طور پر دن کے اڑھائی بجے سے ساڑھے3 بجے یا تو دفاتر میں یا مطلع شدہ ٹیلی فون نمبرز پر یا ویڈیو کانفرنسوں کے ذرائع ملاقات کرے۔ سرکیولر میں تمام انتظامی سکریٹروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر ا س حوالے سے کی گئی کارروائی کی تفصیلات عمومی انتظامی محکمہ کو لیفٹیننٹ گورنر سیکرٹریٹ کی جانچ کے لیے پیش کریں۔سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام انتظامی سکریٹریوں کو ہفتہ وار بنیادوں پر ان کی طرف سے حل کئے گئے عوامی مسائل، بات چیت اورشکایات کی تفصیلات، ہر جمعہ 4 بجے تک جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ادھر تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں روزانہ دن کے اڑھائے بجے سے ساڑھے3بجے تک عوامی وفود سے انکے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے دستیاب رہیں،تاہم دوروں والے ایام کو اس میٹنگوں سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ سرکاری حکم نامہ میںکہا گیا ہے کہ محکمہ عمومی انتظامی سے ہفتہ وار بنیادوں پر اس ضمن میں تعمیلی رپورٹ کا اشتراک کیا جانا چاہیے۔ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بلاک دیوس کے انعقاد کی مشق دوبارہ شروع کریں اوراس سلسلے میں کووڈ مناسب رویے اور وبائی امراض کی وجہ سے موجود دیگر معیاری عملیاتی طریقہ کار کا خیال رکھے۔