مینڈھر //محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن کے سلال جبڑ تا نکہ منجہاڑی سڑک پر کچھ مکینوں کی جانب سے کی گئی غیر قانونی تجاوز کو ہٹایا گیا ۔نائب تحصیلدار ہرنی اور جموں وکشمیر پولیس کی ایک ٹیم کی موجود گی میں محکمہ کی جانب سے زیر تعمیر سڑک پر مکینوں کی جانب سے کی جارہی تجاوز کو ہٹایا گیا ۔محکمہ کے آفیسران نے بتایا کہ کچھ افراد کی جانب سے غیر قانونی طورپر سڑک کو تجاوز کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم انہوں نے اعلیٰ حکام کی ہدایت کے مطابق مذکورہ تجاوز کو ہٹا دیا ہے ۔انہوں نے مقامی لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ سڑک پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تجاوز کو برداشت نہیں کیاجائے گا جبکہ اس سلسلہ میں ملوث افراد کےخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔