اوڑی//سرحدی قصبہ اوڑی کے بس سٹینڈ اور ندی نالوں میں گندگی کے ڈھیر موجود ہونے کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ ایک مسافر ریاض احمد نے کہاکہ بس سٹینڈ کے ارد گرد کوڑا کرکٹ اور گندی کا ڈھیرموجود ہونے کی وجہ سے بدبو آتی ہے مگر اس سلسلے میںکوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی میں سوار ہونا بھی مشکل ہوتا ہے کیونکہ گاڑیوں کے نزدیک موجود کوڑا کرکٹ اور گندگی سے شدید قسم کی بدبو آتی ہے۔قصبے کے ندی نالوں میں بھی کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر پائے جارہے ہیں ۔اوڑی بازار کے بیچ گزرنے والے ایک نالے میں بھی کوڑا کرکٹ پایا جارہاہے۔نالے کے نزدیک ایک جامع مسجد،گورنمنٹ گرلز مڈل سکول،گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول،گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول اورمحکمہ پشو پالن دفتر کے علاووہ درجنوں دکانیں موجود ہیں۔گورنمنٹ بائز ہائر سکنڈری سکول اوڑی میں تعینات ایک استاد نے بتایا کہ انکے سکول کے بالکل نزدیک نالے میں بھی کوڑا کرکٹ پایا جارہا ہے جس کی بدبو سے سکولی عملہ اور طلبہ پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی باریہ کوڑا کرکٹ صاف کرنے کے حوالے سے متعلقہ محکمہ سے اپیل کی گئی مگر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی اوڑی کو چاہئے کہ اس نالے کی صاف صفائی کر کے اس علاقے کو خوبصورت بنائیں ۔ایک دکاندار نے بتایا کہ اوڑی میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروس دفتر کے نزدیک ایک گڑھے میں کوڑا کرکٹ جمع ہے جس سے سخت بدبو آتی ہے جس کی وجہ سے دکانداروں کے علاوہ راہگیروں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ادھر اوڑی وارڈ نمبر 6،8اور 9 کے لوگوں نے بتایا کہ ان علاقوںمیں بھی گندگی ہٹانے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ ایگزیکٹیو افسر میونسپل کمیٹی اوڑی فرہانہ شوکت نے بتایا کہ اگلے کچھ دنوں کے اندر وہ ایک صفائی مہم شروع کررہے ہیں جس دوران اوڑی میں تمام کوڑا کرکٹ کو صاف کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ میونسپل کمیٹی اوڑی میں عملے کی کمی کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔