سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے عالم اسلام کے بلند پایہ ولی کامل حضرت شیخ بہا الدین نقشبند صاحب ؒکے عرس پاک کے موقعہ پراُن ؒکی بے مثال روحانی اور اصلاحی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حضرت خواجہ نقشبند صاحب ؒتصوف کے سلسلے نقشبندیہ کے بانی اعظم ہیں اور ان کے سلسلے میں برصغیر اور کشمیر میں لاکھوں لوگ منسلک ہیں۔انجمن نے کہا کہ گزشتہ تقریبا ڈھائی سال سے سربراہ انجمن میرواعظ عمر فاروق کو حکام نے غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور نظر بند رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ مشہور زمانہ خوجہ دگر اور اس کی مناسبت سے اپنے اکابر میرواعظین کشمیر کے طرز عمل پر وعظ و تبلیغ کی منصبی ذمہ داریاں ادا نہیں کرپارہے ہیں جو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ میرواعظ کی مسلسل نظر بندی کی وجہ سے عوام خاص طور پر دیندار طبقے میں زبردست مایوسی پائی جارہی ہے اور حکمرانوں کے اس طرز عمل کو عوام مداخلت فی الدین قرار دے رہے ہیں۔انجمن نے حکام پر زور دیا کہ وہ میرواعظ کی رہائی یقینی بنائیں تاکہ موصوف ماہ ربیع الاول کی آمد کے پیش نظر سیرت سرور عالمکے پیغام کو اپنے مواعظ حسنہ اور خطابات کے ذریعے عام کرسکیں۔اس دوران حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت بہاالدین نقشبند مشکل کشا ؒ کوعرس پر گلہائے عقیدت پیش کیاہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے کہاکہ حضرت بہائوالدینؒ کا شمار اکابر اولیا کرام اور احبارِ امت میں ہوتا ہے۔انہوںنے کہاکہ حضرت نقشبند صاحبؒ پُر اثر اور باکمال شخصیت کی بدولت، کمالِ ظاہری و کمالِ باطنی، اور سلسلہ عالیہ کی ہمہ جہت ترقی اور روحانی تربیت کے منفرد انداز نے سلسلہ خواجگان کو آپؒ کے نام سے منسوب کردیا اور وہ سلسلہ عالیہ نقشبندیہ کے نام سے آفاق میں موسوم ہوا۔