سرینگر//عید میلادالنبیؐ کے سلسلے میں خانقاہ معلی میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں بھاری تعداد میںلوگوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر ختمات المعظمات، درود ازکار اور اوراد خوانی ہوئی۔نماز ظہر سے قبل مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ پیغمبر آخرزمانؐ کی ولادت باسعادت سے دنیا میں جہالت ، گمراہی ، دختر کشی ، بت پرستی اور اونچ نیچ کا خاتمہ ہوا اورایک صالح نظام کی بنیاد پڑی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام خدا پرستی ، حق ، عدل وانصاف ، مساوات کا درس دیتا ہے۔مولانا ہمدانی نے کہا کہ مظلوموں ، بے کسوں ، ناداروں اور یتیموں کی مدد کرنا اسلام کی تعلیم ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ آنحضورؐکی تعلیمات پر چل کر ہی اپنی زندگی گزاریں۔ اس موقع پر عالم اسلام کی بقاء اور کووڈ 19سے نجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ ایسی ہی مجالس ترال ، ڈور شاہ آباد، سوپور ، سیر ہمدان ، چرار شریف ، کھاگ ، نوبرا ، خانقاہ اول وچی ، کیموہ اور دیگر زیارت گاہوں اور مساجد میں بھی ہوئیں۔