سری نگر// کووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کے تناظر میں اِنتظامیہ نے عید میلاد النبی کی تقریبات کے موقعہ پر عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے ٹیکنالوجی کی مدد سے جدید اقدامات کرنے کا فیصلہ لیا۔یہ فیصلے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان کی طرف سے جموںوکشمیر کے سول اور پولیس اِداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لئے گئے۔ میٹنگ میں سول او رپولیس دونوں محکموں کی صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ نے شرکت کی۔سری نگر سے باہر مقیم اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔مشیر فاروق خان نے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) اور تمام کووِڈ پروٹوکول پر من و عن عمل کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اِنتظامیہ ٹیکنالوجی کی مدد سے تمام جدید اقدامات کرے گی تاکہ عقیدت مندوں کو مذہبی جوش و خروش کے ساتھ مقدس تقریب کا مشاہدہ کرنے میں آسانی ہو۔ اُنہوں نے زیارت گاہ کے گرد پلاسٹک سے دور رکھنے کے لئے کہا کیوں کہ یہ ان مقدس مقامات کے گرد آلودگی کا باعث بنتا ہے ۔اُنہوں نے بلدیاتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ موبائل بیت الخلاء لگائیں اور ہر چند گھنٹوں کے بعد انہیں بروقت تبدیل کریں تاکہ بد بو سے بچا جاسکے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سول اِنتظامیہ پر زو ردیا کہ وہ صفائی ستھرائی ، پانی اور بجلی کے تمام اِنتظامات کریں ۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ سے کہا کہ وہ زیارت گاہوں جہاں شب خوانی ہوتی ہیں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے پولیس اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ لوگوں کی حفاظت کے لئے فول پروف سیکورٹی اِنتظامات کرے۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ مخصوص دِنوں میں پیشہ ورانہ طور پر ٹریفک کا اِنتظام کرنے کے لئے اِضافی ٹریفک اہلکاروں کو خدمات میں شامل کریں ۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنران او رڈسٹرکٹ ایس پی سے کہا کہ وہ تمام اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے زیارت گاہوں کا دورہ کریں۔ صوبائی کمشنرنے میٹنگ کوجانکاری دی کہ اُنہوں نے اِنتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے پہلے ہی اَپنی سطح پر میٹنگوں کا اِنعقاد کیا ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ میلاد النبی ؐ منانے کے لئے تمام مطلوبہ اِنتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے جو کہ کووِڈ پروٹوکول اور سی اے بی دونوں کو آسانی سے دیکھ رہے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام زیارت گاہوں پر صحت اور سینٹری ٹیمیں دستیاب ہوں گی اور کووِڈ ویکسی نیشن ، ٹیسٹنگ اور تھرمل آلات ایسے تمام مقامات پر دستیاب ہوں گے اور یہ بھی جانکاری دی گئی کہ ان زیارت گاہوں پر ماسک اور سینٹی ٹائزربھی آسانی سے دستیاب ہوں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنران نے میٹنگ کو یقین دِلایا کہ ان مقامات پر راشن ، ایندھن اور دیگر اِنتظامات کی دستیابی کو پہلے ہی یقینی بنایا جاچکا ہے ۔اس کے علاوہ اُنہوں نے کہا کہ نقل و حمل اور دیگر شہری سہولیات کو بھی ہر ضلع میں متعلقہ لائن ڈپیارٹمنٹوں کے ساتھ حتمی شکل دی گئی ہے ۔واضح رہے کہ عید میلاد النبیؐ کی تقریب اِس ماہ کی 19تاریخ کو پورے جموں وکشمیر میں منایا جائے گااور بڑے اجتماعات درگاہ حضرت بل ( سری نگر) ، کعبہ مرگ ( اننت ناگ) ، کھیرم ( اننت ناگ) ، اہم شریف ( بانڈی پورہ ) اور جموںوکشمیر یوٹی کے دیگر بڑے زیارت گاہوں پر منعقد ہوتے ہیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے جائزہ لیا
گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے ضلع میں عید میلاد النبیؐ کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ عقیدت مندوں کو پینے کا صاف پانی ، صفائی ستھرائی ، طبی سہولیات ،ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولیات اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی جیسی تمام ضروری سہولیات فراہم کریں۔اُنہوں نے اے ڈی ، ایف سی ایس اینڈ سی اے سے کہا کہ وہ لوگوں کو راشن کا مناسب کوٹا فراہم کریں ۔اُنہوں نے ای او میونسپلٹی سے کہا کہ وہ ایام متبرکہ میں زیارت گاہوں او راس کے اردگرد مناسب صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اَفراد سے کہا کہ وہ عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے ٹریفک اِنتظامات کریں اور ایام متبرکہ میں ضلع بھر میں ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات اور روٹ پلان کو یقینی بنائیں ۔ اِس کے علاوہ محکمہ صحت سے کہا گیا کہ وہ ادویات ، ڈاکٹروں اور ایمبولنس کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے مناسب اِنتظامات کو یقینی بنانے کے لئے لائن ڈیپارٹمنٹوں کے درمیان قریبی رابطہ اور ہم آہنگی پر زو ردیا۔میٹنگ میں ایس پی گاندربل نکھل بور کر، اے ڈی سی گاندربل فاروق احمد بابا، سی ایم او گاندربل ، اے ڈی ایف سی ایس اور سی اے کے علاوہ دیگر ضلعی اَفسران نے شرکت کی۔