مودی حکومت اقلیتوں کو بااختیار بنارہی ہے | ڈاکٹر درخشان اندرابی کاوقف پروگراموں کی نئی تجاویز کا جائزہ
سرینگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کی ترجمان اور وزارت اقلیتی امور کی وقف ترقیاتی کونسل کی چیئرمین ڈاکٹر درخشان اندرابی نے پورے ملک میںوقف پروگراموں اوراسکیموں کی عمل آوری اور نئے تجاویزکاجائزہ لیا۔ایک بیان کے مطابق انہوں نے مختلف ریاستوں اورمرکزی زیرانتظام علاقوں میںوقف جائیداد کی ڈجٹائزیشن کابھی جائزہ لیا ۔ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ اقلیتوں کی بہبودی اسکیمیں ملک بھر میں اقلیتی نوجوانوں کی زندگی میں تبدیلیاں لارہی ہیں ۔پہلی بارجمہوری ہندوستان میںاقلیتوں کو خوش کرنے کے کسی شورشرابے کے بغیرمودی حکومت اقلیتوں کو بااختیار بنارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوان اب تعلیمی میدان میںشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور بہبودی اسکیموں نے ملک بھر میں اقلیتوں کے محروم طبقے کی زندگی میں بدلائو لایا ہے ۔
مشیر فاروق خان سے متعدد وفود ملاقی | حکومت کمزور طبقوں کی فلاح کیلئے پرعزم
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان سے یہاں متعدد وفود اور اَفرادملاقی ہوئے اور جنہوں اَپنے مطالبات اور مسائل مشیر موصوف کے گوش گزار کئے۔ضلع گاندربل کے پی آر آئیز کے ایک وفد نے بلال احمد بٹ پنچ ،پنچایت حلقہ شال بُگ گاندربل کی قیادت میں مشیر فاروق خان سے ملاقات کی اور اُنہوں نے کھیل سامان کی فراہمی اور سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر و ترقی کا مطالبہ کیا ۔اُنہوں نے پی ایچ سی شال بُگ کے لئے نئے ٹرانسفارمر کی فراہمی کی بھی درخواست کی۔سٹیٹ کوآپریٹیو بینک کے ملازمین کا ایک وفد جس میں بینک کے سینئر اَفسران شامل ہیں ،نے مشیر فاروق خان سے ملاقات کی اور کئی اقدمات کر کے سٹیٹ کوآپریٹیو بینک کو فروغ دینے کا مطالبہ پیش کیا ۔مشیر موصوف نے ان سے کہا کہ وہ ایک جامع منصوبہ لے کر آئیں جس کی بنیاد پر بینک کو جدید خطوط پر لے جایا جاسکے۔لیبر یونین کے ایک وفد نے مشیر فاروق خان سے ملاقات کی اور کنسٹرکشن ورکروںاور مزدوروں سے متعلقہ مختلف مسائل گوش گزار کئے ۔ اُنہوں نے کچھ ایسے اِقدامات بھی تجویز کئے جو لیبر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے لئے جاسکتے ہیں۔مشیر نے تمام وفود اور نمائندوں کو بغور سنا اور انہیں یقین دِلایا کہ حکومت معاشرے کے تمام کمزور طبقات بالخصوص لیبر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے پُر عزم ہے۔
تباہی کے خطرات کا عالمی دن | کشمیر یونیوسٹی میں یک روزہ تربیتی پروگرام
سرینگر//تباہی کے خطرات میں کمی کے عالمی دن کے موقعہ پر کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ جیوگرافی اورڈزاسٹرمنیجمنٹ نے محکمہ ڈزاسٹرمنیجمنٹ ،ریلیف ،ریہبلیٹیشن اورری کنسٹرکشن کے اشتراک سے یک روزہ تربیتی پروگرام کاانعقاد کیا۔یونیورسٹی کے ڈین اکیڈمک افیرس پروفیسر فاروق احمد مسعودی نے تقریب کی صدارت کی جبکہ ناظم ضیا خان ڈی ایم آر آر آر کے سیکریٹری، انجینئر عامرعلی میرایس ڈی ایم اے سرینگراور نوڈل افسرجموں کشمیرایمرجنسی آپریشن سینٹر اورحسیب الرحمن کمانڈنٹ ایس ڈی آر ایف بھی تقریب پر موجودتھے۔ اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر مسعودی نے اس پروگرام کا انعقاد کرنے کیلئے منتظمین کو سراہااور کہا کہ اس دوران طلاب کے ہنر کوبڑھانے پر توجہ مرکوز رکھی جانی چاہیے۔ناظم ضیا نے اپنے خطاب میںمارچ2020کے بعد سے تباہیوں نے نیارُخ اختیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ- 19کے بعد ہی ہمیں ایک نئی دنیا میں جیناہوگا۔انہوں نے بچائو کارروائیوں میں رضاکاکاروں کے کام کی سراہنا کی۔
بے روزگاری اور مہنگائی میں جموں وکشمیر سرفہرست | عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوست کر پانا بھی محال: نیشنل کانفرنس
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے جموں وکشمیر میں بے روزگاری اور مہنگائی میں بے تحاشہ اضافے پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر زمین و آسمان کے قلابے ملانے کے کتنے ہی جھوٹے دعوے کیوں نہ کریں لیکن زمینی سطح کے اعداد و شمار سے حکومتی پروپیگنڈا ریت کی دیوار ثابت ہوجاتا ہے۔ پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سینٹرل فار مونیٹرنگ انڈین اکنامی (CMIE)کے تازہ اعداد وشمارکے مطابق جموں وکشمیر میں بے روزگاری کی شرح 21.6فیصد ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں یہ شرح 15فیصد کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ اڑھائی سال سے جموں وکشمیر کو اندھیروں میں دھکیلنے کا سلسلہ دن رات جاری رکھا گیا ہے اور جان بوجھ کر نوجوان کُش پالیسیاں اپنائی گئیں۔ ملک اور بیرونی دنیا کو دکھانے کیلئے گذشتہ 3برسوں سے لگاتار 60ہزار سریع الرفتار سرکاری ملازمتیں دینے کے اعلانات کئے جارہے ہیں لیکن اُلٹا یہاں کے ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کیا جارہا ہے۔ حکومتی سطح پر دعوے کئے جارہے ہیں کہ یہاں سرمایہ کاری ہوگی اور 5لاکھ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے لیکن گذشتہ اڑھائی سال سے یہاں ایک بھی سرمایہ کاری دیکھنے کو نہیں ملی۔ این سی ترجمان نے کہا کہ بے روزگاری کے لحاظ سے جموں وکشمیر کا ملک میں سرفہرست آنا حکمرانوں اور گذشتہ 3سال سے جاری مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی ناکامی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ کی ہر سطح پر ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مہنگائی کے لحاظ سے بھی جموں و کشمیر پورے ملک میں ایک بڑے فرق سرفہرست ہے۔ جہاں پورے ملک میں افراط زر کی اوسط شرح 4.35ہے وہیں جموں وکشمیر میں افراط زدکی شرح7.39فیصد ہے اور آسمان چھوتی اس مہنگائی کا سلسلہ گذشتہ4ماہ سے جاری ہے۔ این سی ترجمان نے کہا کہ حکومتی اور انتظامیہ کا ناکامی اور نااہلی کا خمیازہ یہاں کے عام لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ حکمران سڑکوں پر رنگ و روغن جیسے لیپاپوتی کے اقدامات میں مصروف ہیں جبکہ عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرپانا بھی ہر گزرتے دن کیساتھ محال ہوجاتا جارہا ہے۔
جنگلات،کھیل کود،زراعت رہبران ودیگر اںکے مسائل | ایڈیشنل چیف سیکریٹری خزانہ کی سربراہی میں8رکنی سب کمیٹی تشکیل
بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے رہبر جنگلات،رہبر کھیل اور رہبر زراعت سمیت ایسی اسکیموں کے مسائل کا معائنہ کرنے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ خزانہ کی سربراہی میں8رکنی سب کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا کہ سرکار کی طرف سے جاری حکم نامہ 294-GAD of2020 محررہ 27 فروری2020 کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سب کمیٹی کو تشکیل دیا گیا۔ محکمہ خزانہ کے مالیاتی کمشنر( ایڈیشنل چیف سیکریٹری) اس سب کمیٹی کے چیئرمین ہونگے جبکہ کمیٹی میں محکمہ صحت و طبی تعلیم کے مالیاتی کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری)، محکمہ یوتھ سروس و کھیل کود کے پرنسپل سیکریٹری، محکمہ خزانہ کے ڈائریکٹر جنرل کوڈس، محکمہ زرعی پیدوار و بہبود کاشتکاری محکمہ کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو، محکمہ جنگلات و ماحولیات کے نمائندے،جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو، محکمہ عمومی انتظامی کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو اور محکمہ قانون ،انصاف و پارلیمانی امور کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو اس سب کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔ آرڈر میں کہا گیا ہے کہ اس سب کمیٹی کے اختیارات وہی ہوںگے جو 294-GAD of 2020 محررہ 27فروری2020 کے حکم نامے میں دئیے گئے تھے۔
سنگم عید گاہ میں دو اساتذہ کی ہلاکت | پرائمری اسکول اساتذہ کی کل ہند انجمن کی مذمت
یواین آئی
نئی دہلی // آل انڈیا پرائمری ٹیچرس ایسوسی ایشن (اے آئی پی ٹی ایف) نے سرینگر( کشمیر) میں اپنے اسکول کے احاطے میں ایک خاتون ہیڈ ماسٹر اور ایک ٹیچر کو گولی مارنے کے حالیہ واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔ اس واقعہ پر انہوں نے تعزیت کا اظہار کیا اور حکومت سے اپیل کی جموں کشمیر میں اساتذہ کے تحٖفظ کو یقینی بنائیں۔ ایک بیان میں اے آئی پی ٹی ایف کے صدر رامپال سنگھ نے کہا کہ ہم حملے میں ہلاک ہونے والے اساتذہ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور مرکزی حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔ اساتذہ سمیت شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کا مقصد خوف کی فضا پیدا کرنا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اے آئی پی ٹی ایف ریاستی عوام سے اپیل کرتا ہے کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں لیکن یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ ایسی کارروائیوں کے ذمہ دار وں کو سزا دی جائے کیونکہ دنیا میں تعلیمی اداروں کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اسکول ، کالج اور یونیورسٹیاں دیگر اداروں کے مقابلے میں بہت زیادہ آسانی سے نشانہ بنتی ہیں اور بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اے آئی پی ٹی ایف اور ملک کی 24 ریاستوں میں اس کے 23 لاکھ ممبران مطالبہ کرتے ہیں کہ اساتذہ اور طلباء کے لیے محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جائے جہاں سیکورٹی کی کمی نہ ہو اور حکومتوں کے لیے یہ اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔
جموں کشمیرپیس فورم کی اپیل | اقلیتوں کے اعتماد کوبحال کیاجائے،علماء سے درخواست
سرینگر//سیاسی نمائندوں اور مذہبی رہنمائوں کو وادی میں اقلیتوں کے خلاف نفرت کوہوا دینے پرواضح موقف اپناناچاہیے اورکشمیر میں اقلیتوں کاتحفظ کرناچاہیے۔ان باتوں کااظہارجموں کشمیر پیس فورم کے ستیش محلدرانے ایک بیان میں کیاہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کو اپنی خوبصورتی کی بناپربہت سے لوگ کرہ ارض پر جنت قرار دیتے ہیں اوریہاں کی آبادی مہمان نوازہے،لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ گزشتہ31برس سے کشمیرتشددسے جڑچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ ہلاکتوں نے کشمیر میں رہائش پزید اقلیتوںکوخوفزدہ کیا ہے اوریہ لازمی ہے کہ ان کے اعتماد کو بحال کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے جنہوں نے یہاں رہنے کو ترجیح دی۔انہوں نے مزیدکہا کہ آج کشمیرمیں اقلیتیں اکثریت کے مقابلے میں خطرے میں ہیں ۔محلدار نے کہا کہ مقصد یہ ہونا چاہیے کہ اقلیتوں کو امتیاز سے تحفظ فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اکثریتی آبادی کو اقلیتوں کی شناخت کو تحفظ فراہم کرنے کو یقینی بنانا چاہیے۔انہوں نے مساجد کمیٹیوں ،علماء ،میرواعظین سے درخواست کی کہ وہ اپنے پیغام میں کشمیر میں اقلیتوں کے خلاف تشدد،دشمنی ،امتیاز،اور تنائو کو روکنے کو مذہبی اعتقادات اور عقیدے کے پس منظر میں بیان کریں۔انہوں نے علماء سے درخواست کی کہ وہ اپنے بیانات،وعظوں ،تعلیمات میں اقلیتوں کے خلاف دشمنی کوختم کرنے پرزوردیں۔
کھادی اینڈ ولیج بورڈ کی میٹنگ | وزیراعظم روزگار پروگرام کے تحت اسکیموں کا جائزہ لیاگیا
سرینگر//کشمیر صوبے میںوزیراعظم روزگارپروگرام کے تحت اسکیموں کی عمل آوری کاجائزہ لینے کیلئے کھادی اینڈولیج انڈسٹریزبورڈ نے بینکرس اورمانیٹرنگ کی ایک میٹنگ کاانعقادکیا۔میٹنگ کی صدارت ڈاکٹر حناشفیع بٹ اورصوبائی کمشنرپی کے پولے نے کی۔ میٹنگ کے آغازمیں کھادی بورڈ کے حکام نے ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی ۔میٹنگ میں متعدداہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیاجن میں قرضوں کی منظوری کے معاملات ،بینکوں کی طرف سے مسترد کئے گئے کیس وغیرہ شامل ہیں ۔ اس موقعہ پر کھادی اینڈ ولیج بورڈ کی نائب چیئرمین نے مختلف بینکوں کے نمائندوں سے کہاکہ وہ معمولی معاملات پر کیسوں کو مسترد نہ کریں اوراس کے بجائے کیسوں کی منظور دیں تاکہ نوجوان مایوس نہ ہو۔انہوں نے بینکوں سے کہا کہ وہ سابق فوجیوں کے کیسوں کو ترجیحی بنیاد پر حل کریں۔صوبائی کمشنر نے اس موقعہ پر مختلف اسکیموں کے تحت اہداف کو مکمل کرنے پراطمینان کااظہار کیا۔میٹنگ میں کھادی بورڈ کے سی ای او،پریذیڈنٹ گورنمنٹ اسکیمزجموں کشمیر بینک،ڈپٹی سی ای او کھادی بورڈ،نائب صدریوٹی ایل بی سی ، گرامین بینک ،علاقائی دیہاتی بینک اوراسٹیٹ کواپریٹو بینک کے جنرل منیجرس،سٹیٹ بینک اورپنجاب نیشنل بینک کے ڈپٹی جنرل منیجر اوراسسٹنٹ کے وی آئی سی اورڈسٹرکٹ افسرکے وی آئی بھی بھی موجود تھے۔
امن اورہم آہنگی کوبنائے رکھنے میں سول سوسائٹی کااہم رول:پولے | 28تجارتی انجمنوں اورسول سوسائٹی نمائندوںکی صوبائی کمشنر اورآئی جی پی سے ملاقات
سرینگر // وادی سے تعلق رکھنے والی 28 تجارتی انجمنوںاور سول سوسائٹی نے صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورنگ پولے اور انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر ، وجے کمار سے ملاقات کرکے مشترکہ طور پر کشمیر میں بے گناہ لوگوں کے قتل کی مذمت کی اور جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ بدھ کو تجارتی انجمنوں اور سیول سوسائٹی کے انجمنوں نے سرینگر میں محکمہ سیاحت کے کانفرنس ہال میں آئی جی کشمیر اور صوبائی کمشنر سے ملاقات کی۔اجلاس میں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ، فیڈریشن چیمبر آف انڈسٹریز کشمیر ، کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچرنگ فیڈریشن ، کشمیر اکنامک الائنس ، کشمیر ہاؤس بوٹ اونرز ایسوسی ایشن ، جے اینڈ کے پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کمیٹی ، ٹریول ایجنٹس سوسائٹی آف کشمیر ، شوپیان فروٹ منڈی ایسوسی ایشن ، کشمیر ریٹیلرز ایسوسی ایشن ، ریسٹورنٹ اینڈ کیفے ایسوسی ایشن آف کشمیر ، جموں و کشمیر ٹورزم الائنس ، کشمیر جوائنٹ کارڈی نیشن کمیٹی آف کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹس ، کشمیر انڈسٹریل ریوایول اینڈ ڈیولپمنٹ،حج اور عمرہ کمپنیوں کی انجمن ، کاریگروں کی بحالی کا فورم ، ٹورسٹ ٹریڈ انٹرسٹ گلڈ ، ٹورسٹ ٹیکسی اسٹینڈ فیڈریشن ، جموں و کشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن ، ایسوسی ایشن آف کشمیر ٹور آپریٹرز ، کشمیر یوتھ انٹرپرینیورز فیڈریشن ، کشمیر ریٹیلرز ایسوسی ایشن ، پئیل گریم اینڈ لیڑر ٹور آپریٹرز ، اربن ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن ، کشمیر کارپٹ این مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ، کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن ، بٹہ لو ٹریڈ اینڈ ٹرانسپورٹ ، شہر خاص ٹریڈرز ایسوسی ایشن ، کشمیر پشمینہ آرگنائزیشن ، کشمیر فروٹ ایسوسی ایشن پارم
پورہ اور پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں شامل شرکاء نے وادی میں مہلوک شہریوں کو یاد کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور انکی روح کو ابدی سکون کی دعا کی جبکہ لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ تجارتی و سیول سوسائٹی نمائندوں نے کہا کہ وہ شہریوں کے نقصان پر غمزدہ ہیں ا اور ان تمام خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔ان سب نے مشہور دوا فروش مکھن لال بندرو ، خاتون پرنسپل ستیندر کور اور دیگر تمام لوگوں کو یاد کیا جو سرینگر اور دیگر علاقوں میں تازہ ترین حملوں میں مارے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ماضی میں معاشی طور پر مشکلات کا شکار رہا ہے اور کاروبار کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری بھی ہوئی ہے۔تجارتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ 2014 کے سیلاب کے بعد با لخصوص انہیں کافی خسارے کا سامنا کرنا پرا۔تجارتی انجمنوں کے نمائندوں نے روز مرہ کی تجارتی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے سازگار اور پرامن ماحول کا مطالبہ کیا۔ان نمائندوں نے ان کے اور دیگر صنعتی یونٹوں کو درپیش مسائل کا ذکر کیا جن میں قرضہ جات، بینک ، بجلی ، صفائی ، پشمینہ میں جی ایس ٹی کا رول ، جامع معاشی پیکیج ، کوویڈ ریلیف فنڈ کا اجرا ، ہاؤس بوٹوں کی بحالی ، منی پورٹل ، آسان قرضوں، این پی اے ، سڑکوں کی حالت، پارم پورہ بس اسٹینڈ ، منشیات کی لعنت کے خاتمے کے علاوہ ان کے متعلقہ کاروبار سے متعلق بہت سے دیگر مسائل شامل ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈویڑنل کمشنر نے مختلف معاشروں میں امن ، ہم آہنگی ، بھائی چارے اور قابل احترام بقائے باہمی کے فروغ اور تحفظ میں سول سوسائٹی اور کاروباری نمائندوں کی ذمہ داری کو اجاگر کیا۔انہوں نے کاروباری برادری کو یہ بھی یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل نوٹ کر لیے گئے ہیں اور انھیں حکومت میں اعلیٰ سطح پر لے جایا جائے گا اور وقتی طور پر ان کا ازالہ کیا جائے گا۔آئی جی پی نے کہا کہ سول سوسائٹی کو بے گناہ لوگوں کے قتل کی مذمت اور تنقید کے لیے آگے آنا ہوگا اور اس بات پر زور دیا کہ سب کو مل کر ایسے واقعات کو روکنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس امن کو خراب نہیں ہونے دے گی۔
ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کا نوگام سمبل میں عوامی دربار
عازم جان
بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے نوگام سمبل اور ملحقہ بستیوں کادورہ کرتے ہوئے درپیش عوامی مسائل کا جائزہ لیا اور لوگوں سے ملاقات کی۔اُن کے ہمراہ ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد، اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر عبدالرشید داس ،جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ بانڈی پورہ امتیاز احمداوراسسٹنٹ کمشنر پنچایت سمیت دیگر کئی افسران تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے وفود اور دیگر لوگوں کے بنیادی مسائل سننے کے بعد موقع پر ہی ازالہ کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم سے لوگوں اور انتظامیہ کے مابین تال میل بڑ رہا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو کووڈ مخالف ٹیکہ لگانے کی اپیل کی۔
مشیر فاروق خان کا ڈائریکٹر امور صارفین کشمیر سے اِظہار تعزیت
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ناظم خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کشمیر کے والد ڈاکٹر عبدالسلام میر کے اِنتقال پر تعزیت کا اِظہار کیا ہے۔اَپنے تعزیتی پیغام میں مشیر فاروق خان نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون اور سوگوار کنبے کے صبر و استقلال اور ہمت کے لئے دعا کی ۔اُنہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اِظہا رکیا۔
تین تربیتی کورسوں کی مشترکہ اِختتامی تقریب
ڈی جی امپارڈ نے صدارت کی
سرینگر//ڈائریکٹر جنرل جے اینڈ کے اِنسٹی چیوٹ مینجمنٹ پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ ( جے کے امپارڈ) سوربھ بھگت نے یہاں آئی ایم پی اے آر ڈی سرینگر میں تین تربیتی کورسوں کی مشترکہ اِختتامی تقریب کی صدارت کی۔ٹریننگ کورس میں مختلف کورسوں سے متعلق تربیت فراہم کی گئی ہے۔ٹریننگ کورس میں شرکت کرنے والے آفیسر ٹرینیوں کا تعلق محکمہ زراعت ، دیہی ترقی ، صحت و طبی تعلیم ، ایس ڈی آر ایف اور یو اِی اِی ڈی سے تھا ۔سوربھ بھگت نے کام کرنے والی خواتین کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ملازمین کو اِن کے کام کی جگہوں پر آرام دہ اورمحفوظ ماحول فراہم کیا جائے ۔سوربھ بھگت نے ان تربیتی کورسوں کے شرکا ٔکو آگاہ کیا کہ امپارڈ اِس طرح کے پروگرام باقاعدگی سے منعقد کرے گا تاکہ جموں وکشمیر کے سرکاری اَفسران کو ان کے کام کو مزید دائرہ کار سے آگاہ کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ٹریننگز ( کے ) ڈاکٹر مشتاق احمد خان ، کورس کوآرڈی نیٹر ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر جے اے جبین ، ڈاکٹر جی ایم ڈار اور ڈاکٹر بی اے کمار موجود تھے۔
جمعیت صدر کا ناظم دعوت و تبلیغ سے اظہار یکجہتی
جمعیت صدر کا ناظم دعوت و تبلیغ سے اظہار یکجہتی
سرینگر/ / جمعیت اہلحدیث کے ناظم دعوت و تبلیغ محمد یوسف بٹ کی خالہ (زوجہ محمد یوسف راتھر ساکن صفا پورہ) کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جمعیت صدرپروفیسر غلام محمد بٹ اور نائب صدر ڈاکٹر عبدالطیف الکندی نے محمد یوسف اور دیگر سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کی دعاکی۔
طالب علموں کو ماحول دوست طریقوں سے آگاہ ہونا چاہئے
زرعی یونیورسٹی کشمیر کا لداخ میں’دیہی ریسرچ ‘پروگرام
سرینگر// زرعی یونیورسٹی کشمیر نے لداخ میں سات روزہ 'رورل ایکسپلوریشن ٹریننگ پروگرام' شروع کیا۔پروگرام کا اہتمام یونیورسٹی کے فیکلٹی آف فشریز نے ورلڈ بینک اور آئی سی اے آر کے زیر اہتمام نیشنل ایگریکلچرل ہائیر ایجوکیشن پروجیکٹ (NAHEP) کے تحت کیا ہے تاکہ یونیورسٹی کی ادارہ جاتی ترقی ہو سکے۔ڈین فیکلٹی آف فشریز نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس طرح کے پروگرام طالب علموں کو دور دراز علاقوں تک پہنچانے میں مدد دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید تکنیک اور علم کے ساتھ ساتھ طلباء کو ان پرانے طریقوں سے آگاہ ہونا چاہیے جو کہ ماحول دوست اور پائیدار ہیں۔ڈاکٹر گوہر بلال وانی ، ہیڈ ڈویڑن آف فشریز انجینئرنگ/کوآرڈینیٹر NAHEP ، FoFy نے ڈاکٹر ایم ایم کرمانی (اسسٹنٹ اسٹوڈنٹس ویلفیئر آفیسر ، FoFy) اور فیکلٹی آف فشریز کے دیگر سٹاف ممبران کی موجودگی میں دیہی ریسرچ پروگرام کے لیے طلباء کو جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کوآرڈی نیٹر نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد طلباء کو زراعت اور متعلقہ طریقوں کے پائیدار طریقوں کے لیے تعمیر اور پرورش کرے گا کیونکہ ان دیہی جیبوں میں دیسی علم کا ذخیرہ موجود ہے۔ڈاکٹر بلال احمد زگر (ٹور انچارج) اور ڈاکٹر امتیاز قیوم نے لداخ کے گہرے اور پسماندہ علاقوں میں رہنے ، کھانے ، اور کام کرنے کے ذریعے طلباء کے فہم کو بہتر بنانے اور دیہی زندگی کو سمجھنے میں دیہی ریسرچ پروگرام کے اثرات پر روشنی ڈالی۔
جمعیت صدر کا ناظم دعوت و تبلیغ سے اظہار یکجہتی
جمعیت صدر کا ناظم دعوت و تبلیغ سے اظہار یکجہتی
سرینگر/ / جمعیت اہلحدیث کے ناظم دعوت و تبلیغ محمد یوسف بٹ کی خالہ (زوجہ محمد یوسف راتھر ساکن صفا پورہ) کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جمعیت صدرپروفیسر غلام محمد بٹ اور نائب صدر ڈاکٹر عبدالطیف الکندی نے محمد یوسف اور دیگر سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کی دعاکی۔
بلاک دیوس
ضلع کمشنر گاندربل کابلاک لار کے پی آر آئی نمائندوں سے تبادلہ خیال
گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے حکومت جموںوکشمیر کی جانب سے شروع کئے گئے ہفتہ وار بلاک دیوس اقدام کے ایک حصے کے طور پر منی سیکرٹریٹ میں بلاک لار کے پی آر آئی نمائندوں کے ساتھ اِستفساری پروگرام منعقد کیا۔اِستفساری پرگرام کے دوران بلاک لار کے سرپنچوں اور پنچوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کو مختلف عوامی اہمیت کے حامل بنیادی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس میں پانی کی فراہمی میں بہتری ، لال کنال سے باب کنال تک لفٹ اری گیشن،لار بلاک میں بھیڑ پالن کا یونٹ ، سڑکوں کی بہتری ، ٹرانسفارمروں کی اَپ گریڈیشن اور دیگر مطالبات شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے پی آر آئیز کے پیش کردہ تمام مسائل اور مطالبات کو بغور سنا اور متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے متعلقہ مسائل کا ازالہ کریں۔اُنہوں نے پی آر آئیز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں 18برس سے زائد عمر کے صد فیصڈ ٹیکہ کے حصول میں ان کی فعال تعاون پر مبارک باد دی۔بات چیت پروگرام کے دوران اے ڈی ڈی سی پیر مظفر احمد ، اے ڈی سی فاروق احمد بابا، اے سی ڈی ، اے سی پی ، مختلف ونگوں کے اِنجینئران ، سی ایم او ، سی ای او، تحصیلدار لار ، بی ڈی اور دیگر متعلقین موجود تھے۔
جموں و کشمیر کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے آریانز کی پہل
اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کیلئے 100فیصد اسکالرشپ
سرینگر// جموں و کشمیر کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے آریانز گروپ آف کالجز چندی گڑھ 23 اور 24 اکتوبر کو ’’با اختیار نوجوان ،بااختیار جموں و کشمیر ــــ‘‘کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد ہو رہاہے جس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند جموں کشمیر کے اعلیٰ صلاحیت یافتہ طلبہ کو اسکالر شپ سے نوازا جائے گا ۔23 اکتوبر کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر ایم پونیا ، وائس چیئرمین ، اے آئی سی ٹی ای ، محمد اعجاز اسد ، ڈی سی سرینگر اور ڈاکٹر جی این ایتو ناظم سیاحت موجود رہیں گے جبکہ اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر انشو کٹاریہ چیئرمین آریانز گروپ کریں گے۔24 اکتوبر کو اختتامی تقریب میں یوگیشور دت ہندوستانی پہلوان اور پدم شری ایوارڈ یافتہ مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ آنند شرما ، رکن ، ہریانہ پبلک سروس کمیشن (HPSC) اور جموں و کشمیر سے یوتھ اسپورٹس سروسز کے ڈائریکٹر غضنفر علی اور جی این وارصدر پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن مہمان ذی وقار کے بطور شام ہونگے ۔ اس تقریب کا پوسٹر بھی حال میں ہی لانچ کیا گیا ہے ۔ آریانز گروپ کے چیرمین ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے کہا کہ اس پروگرام میں بہترین خیالات کے حامل منتخب طلباء کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کیلئے 100 فیصد اسکالرشپ دی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ آریانز گروپ کو جموںکشمیر کے طلبہ پر فخر ہے اسی وجہ سے آریانز جموں کشمیر کے طلبہ کیلئے ایک مقبول منزل بن کر ابھرا ہے۔