سرینگر//پریس کونسل آف انڈیاکی تین رُکنی کمیٹی نے دوسرے روز پرنٹ ،الیکٹرانک اورسوشل میڈیا سے وابستہ افراد کیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران پریس کونسل کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ارکان نے وادی میں میڈیا اداروں اورمیڈیا سے وابستہ افرادکودرپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔سرکٹ ہائوس میںفیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے کنوینئروگروپ ایڈیٹردینک بھاسکر پرکاش دوبے کی سربراہی میں کمیٹی کے ارکان گربیر سنگھ (نیوانڈین ایکسپریس )اورڈاکٹر سمن گپتا(ایڈیٹرجن مورچہ)نے پرنٹ ،الیکٹرانک اورسوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔کمیٹی سے ملاقی ہوئے مقامی اخبارات کے کچھ مالکان ،مدیران ،صحافیوں اورنامہ نگاروںنے بتایاکہ انہوںنے کمیٹی کے سامنے میڈیا اداروں بالخصوص اخبارات کودرپیش مسائل ومشکلات اورانفرادی طورپر میڈیا سے وابستہ افرادکے مشکلات کواُجاگرکیا ۔انہوںنے سہ رکنی کمیٹی کے ارکان کوبتایاکہ کشمیر سے شائع ہونے والے بیشتر روزنامے،ہفتہ وار اور میگزینوںکے مالکان سخت مالی مشکلات کاسامنا کررہے ہیں ۔انہوںنے کمیٹی کویہ بھی بتایاکہ کشمیر میں میڈیا سے وابستہ افرادکوسخت مشکلات درپیش ہیں ،اوریہاں حکومتی یاانتظامی سطح پردرپیش مختلف نوعیت کے مسائل یامشکلات کی کوئی سنوائی نہیں ہوتی ہے ۔