مینڈھر //مینڈھر کے سرحدی علاقہ ڈھیری ڈبسی میں ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے ابھی تک بنکروں کی تعمیر شروع ہی نہیں کی جاسکی جبکہ دیگر بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تار بندی اور صفرلائن کے درمیان سرحدی پنچایت کی 4وارڈیں آباد ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے دیگر سرحدی علاقوں میں بنکروں کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے تاہم ڈھیری ڈبسی علاقہ کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بنکروں کے سلسلہ میں متعلقہ حکام کیساتھ ساتھ تعمیر اتی ایجنسیوں کیساتھ بھی رابطہ قائم کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہاہے ۔غور طلب ہے کہ صفرلائن پر آبادہونے کی وجہ سے مذکورہ علاقہ میں ہروقت فائرنگ کا خدشہ رہتا ہے جبکہ تار بندی کے اندر ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کی نقل مکانی وغیرہ بھی ممکن نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حالانکہ دونوں ممالک کے مابین اس وقت فائربندی چل رہی ہے لیکن گزشتہ کئی برسوں سے حد متارکہ پر کوئی ایسا دن نہیں گیا جس دوران طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ نہیں ہوا جبکہ انتظامیہ کو چاہئے تھا کہ وہ شدید خطرے والے علاقوں میں پُر امن حالات کا فائدہ اٹھا کر بنکروں کی تعمیر کو یقینی بناتی لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ڈھیری ڈبسی علاقہ میں جلدازجلد بنکروں کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔