براچھڑی علاقہ کیلئے رابطہ سڑک دستیاب نہیں
لوگ روزانہ 5کلو میٹر پیدل سفر طے کرنے پر مجبور ،انتظامیہ سے توجہ کی اپیل
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی کے علاقہ براچھڑی عوام کیلئے رابطہ سڑک تعمیر ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے لوگوں کو روزانہ دیگر علاقوں میں جانے کیلئے کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے ۔ علاقہ براچھڑی اور اپر ڈنوگام 13سو سے زائد کی آبادی پر مشتمل ہونے کیساتھ ساتھ اس جدیدوقت میں بھی بنیادی سہولیات سے دور ہیں ۔مکینوں کو اس ترقی یافتہ دور میں بھی روزانہ چھ سے آٹھ کلو میٹر پیدل سفر طے کر کے تحصیل صدر مقام منڈی آنا پڑتا ہے جو کہ ان علاقہ جات کی عوام کیلئے عرصہ دراز سے بہت بڑی مشکل ہے۔ بیدار سے یہاں کے لوگوں کو ڈنوگام اور پھر اس کے بعد براچھڑی اپر ڈنوگام پیدل سفر کرنا پڑتا ہے ۔عوام کا کہنا ہے کہ آج تک جتنی بھی سرکاریں اقتدار میں آئی انہوں نے عوام سے محض ووٹ کی سیاست کہ مگر اس علاقے کی عوام کو اس ترقی یافتہ دور میں بھی سڑک جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھا گیا ہے۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے آئے روز یہ دعوے کیے جاتے ہیں کہ انہوں نے پورے ملک میں سڑکوں کے جال بچھا دئیے ہیں مگر سرکار کے وہ تمام دعوے بے سود ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو آزاد ہوئیے دہائیاں گزرگئی ہیں مگر براچھڑی اور اپر ڈنوگام کی عوام آج بھی پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی حصولی کے حوالے سے ہر ایک آفسر اور متعدد سیاسی لیڈران کے نوٹس میں گزشتہ 2 دہائیوں سے لایاجارہا ہے مگر ابھی تک اس علاقہ میں سڑک جیسی سہولت کو عوام کیلئے دستیاب نہیں کروائی جاسکی ۔۔ڈنوگام براچھڑی کے سرپنچ بشیر احمد نائیک نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سرکار کی جانب سے بیدار تا ڈنوگام سڑک کی تعمیر کو اپنے ہاتھ میں لیا گیاتھا جو کہ ابھی تک محض4کلو میٹر ہی تعمیر کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپر ڈنوگام براچھڑی جو کہ ایک ہی پنچایت ہے جس میں سرکار کی جانب سے ڈنوگام علاقہ کی ایک ہی وارڈ تک سڑک تعمیر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیدار تا براچھڑی اور اپر ڈنوگام تک نو کلو میٹر کی دوری ہے لیکن ابھی تک سرکار کی جانب سے ان علاقہ کے لوگوں کو سڑک مہیا نہیں کی گئی ۔مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ دیہات میں رابطہ سڑک تعمیر کروائی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلا ت حل ہو سکیں ۔
پھلنی میں دوشیزہ کی مشکوک موت
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے پھلنی علاقہ میں ایک دوشیزہ کی مشکوک حالت میں مو ت واقع ہونے کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ پھلنی علاقہ میں سیما دیو دختر موتی لعل نے کوئی زہریلی اشیا ء نگل لی تھی جس کے بعد وہ بیہوش پائی گئی ۔اہل خانہ کی جانب سے اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا تاہم اس دوران اس کی موت واقعہ ہو گئی ۔پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کروا کر اس کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا جبکہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
گھبر بتھان دریا پر پل تعمیر نہ ہوسکا ،سڑک بھی نا قابل استعمال
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژں کوٹرنکہ میں جہاں کئی رابطہ سڑکیں مکمل نہیں ہو سکی وہائیں کئی رابطہ پلوں کی تعمیر کا خواب بھی پورا نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے کئی سرحدی دیہات کی عوام کو پیدل دریا عبور کرنا پڑرہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ 2006میں گھبر سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا جبکہ اس کی تعمیر سروئے کے دو برس بعد شروع ہوئی لیکن ابھی تک سڑک کو مکمل کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاسکا ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گھبر بتھان نالے پر گزشتہ کئی برسوں سے پل کی تعمیر عمل میں نہیں لائی جاسکی جبکہ مارچ 2021میں پل کے دونوں ستوں کی تعمیر شروع ہوئی تھی تاہم تعمیر ایجنسی کی جانب سے 15دنوں تک کام کرنے کے بعد بند کردیاگیا ۔عام لوگوں نے بتایا کہ برسات میں دریائی پانی کی مقدار میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے دوران لوگوں کو دریا عبور کرنے میں شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔مقامی نائب سرپنچ ارشد حسین میر نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے پروجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کے اعلی آفیسران نے بھی علاقہ کا دورہ کر کے ان کو یقین دلایا تھا لیکن بدقسمتی سے ابھی تک پروجیکٹ کو مکمل نہیں کیا گیا ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کیساتھ ساتھ پل کی تعمیر جلدازجلد مکمل کی جائے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔
ٹیمپو حادثے کا شکار ،1زخمی
محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری بدھل سڑک پر ایک ٹیمپو کو پیش آئے حادثے میں ایک خاتون کو چھوٹ آئی جبکہ دیگر سواریاں محفوظ رہی ۔مقامی ذرائع کے مطابق بدھل سے راجوری جارہا ایک ٹیمپو زیر نمبر 1331-JK06ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو الٹ گیا جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار پانچ افراد میں سے ایک خاتون کو معمولی چھوٹیں آئی ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ٹیمپو ڈرائیور نے اپنے ایک ساتھی کو گاڑی چلانے کیلئے دی ہوئی تھی جس کے پاس کوئی لائسنس بھی نہیں تھا ۔انہوں نے بتایا کہ ٹریفک حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے لوگوں کی جانوں کیساتھ کھلواڑ کی جارہی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
مہانوامی کا تہوار عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
سمت بھار گو +رمیش کیسر
راجوری //جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی ہی طرح راجوری پونچھ میں بھی مہانوامی کا تہوار مذہبی جوش و حروش کیساتھ منایا گیا ۔تہوار کی مناسبت سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مندروں میں حاضری دی اور خصوصی پوجا میں شرکت کی ۔اس کے علاوہ گھروں میں بھی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران خصوصی پوجا ارچنا کی گئی ۔لوگوں نے جموں وکشمیر میں امن و امان کیساتھ ساتھ کووڈ جیسی مہلوک بیماری سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کی۔اس موقعہ پر دونوں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے تھے ۔اسی طرح نوشہرہ سب ڈویژں میں متعدد مقامات پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران پوجا کیساتھ ساتھ لنگر بھی لگائے گئے ۔سب ڈویژن میں بڑی تقریب منگل دیوی مندر میں منعقد ہوئی جہاں سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی ۔
بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو مہم
منڈی کالج میںمضمون نگاری مقابلوں کا انعقاد
عشرت حسین بٹ
منڈی//ڈگری کالج منڈی میں’بیٹی پڑھاو بیٹی بچاو] موضوع کے تحت جمعرات کو براہِ راست مضمون نگاری کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں کالج کے متعدد طلباء و طالبات نے حصہ لے کر موضوع کی مناسبت سے مضمون نگاری کی ۔اس اس مقابلے کا مقصد سماج میں بیٹیوں کے تعین عوام کوبیدار کرنا تھا تاکہ سماج میں بیٹی جیسی نعمت کو بیٹوں جیسے حقوق حاصل ہوں ۔مقابلہ ڈگری کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اعظم کی نگرانی میں منعقد کیا گیا جبکہ پروگرام کا اہتمام کالج کے این ایس ایس یونٹ اور کواڈی نیٹر ڈاکٹر اورنگ زیب انجم کی قیادت میں انجام دیا گیاجبکہ اس موقعہ پرڈاکٹر بشارت احمد ڈاکٹر شاہین اختر اور ڈاکٹر سرفراز احمدنے مشترکہ طورپر جج کے فرائض انجام دئیے ۔مقابلے میں بی اے سال اول سمسٹر دوم کی افسانہ نظیر نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ مقابلے میں مہناز مشتاق بی اے سمسٹردوم اور آمینہ کوثر بی اے سمسٹر سوم نے دوسری اور تیسری ہوزیشن حاصل کی ۔پرنسپل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ مضمون نگاری کا یہ پروگرام بیٹی پڑھاو بیٹی بچاو کے موضوع پر آزادی کا امرت مہا اتسو کے تحت منعقد کیا گیا جس میں کالج کے طلباء و طالبات نے براہِ راست حصہ لیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کا مقصد سماج میں بیٹیوں کو تعلیم کے زریعہ سے آراستہ کرنا تھا اور بیٹیوں کو بیٹوں کے قدم بہ قدم حقوق پر مبنی تھا ان کا کہنا تھا کہ مقابلے میں طلباء اور طالبات نے مضمون کو بہتر ڈھنگ سے نبھایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈگری کالج منڈی میں اسطرح کی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ بچے دیگر مقابلہ جات میں بھی حصہ لے کر بہتر کارکردگی انجام دے سکیں۔
نوشہرہ کے سرحدی دیہات میں تلاشی مہم شروع
رمیش کیسر
نوشہرہ //سیکورٹی فورسز کی جانب سے نوشہرہ کے کئی سرحدی دیہات میں تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سب ڈویژن کے سرحدی دیہات میں مشکوک نقل کو حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد کئی سرحدی دیہات میں فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ دھروٹ ،پنڈوری ،سمبل اور سیال کیساتھ ساتھ دیگر کئی دیہا ت کا محاصرہ کر کے مہم کو شروع کیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں بھی سب ڈویژن کے سرحدی دیہات میں تلاشی مہم شروع کی گئی تھی تاہم تین دنوں کے بعد اس مہم کو دوبارہ سے شروع کر دیا گیا ہے ۔