درگاہ حضرتبل میں سب سے بڑی تقریب کیلئے انتظامات مکمل
سرینگر // جموں کشمیر میں منگل کو عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کا اہتمام ہونے جارہا ہے۔ آثار شریف حضرت بل،جناب صاحب صورہ ،کعبہ مرگ اور آثار شریف پنجورہ سمیت دیگر جگہوں پر نماز پنجگانہ کے بعد موئے مقدس کی نشاندہی ہوگی۔وقف بورڈ نے کوروونا وائرس کے تناظر میں عید میلاد النبیؐ کے موقعہ پر درگاہ حضرت بل میں موئے مقدس ؐکی زیارت کرنے والے زائرین سے دن میں ایک ہی بار زیارت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ وادی بھرمیں آج عید میلاد النبی ؐکی تقریبات کا اہتمام ہورہا ہے اور نہ صرف مساجد وخانقاہوںمیں عظیم الشان،رْوح پرور اجتماعات اوربابرکت مجالس کاانعقاد ہوابلکہ آج جشن میلادکے جلوس بھی برآمد ہونگے۔عید میلادؐکی سب سے بڑ ی تقریب درگاہ حضرتبل میںمنعقد ہو گی جہاں ہر نماز کے بعد موئے پاک ؐ کی زیارت کرائی جائے ۔صوبائی انتظامیہ اورضلع انتظامیہ سرینگر نے مختلف سرکاری اداروں ،جموں وکشمیر بینک اورکچھ رضاکار انجمنوں واداروں کے اشتراک سے درگاہ حضرتبل آنے والے فرزندان توحید کوہرممکنہ سہولیات بہم رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ شہرسرینگر اوروادی کے مختلف علاقوں سے حضرتبل پہنچنے والی نجی اورمسافر گاڑیوں کیلئے ٹریفک نظام مرتب کیا ہے اوردرگاہ آنے اور جانے والی گاڑیوں کیلئے الگ الگ روٹ مقررکئے گئے ہیں۔ مساجد اورعمارتوں کو برقی قمقموں سے نہایت خوبصورت انداز سے سجادیا گیا ہے، جبکہ سڑکوں ،گلیوں ، بازاروں اورگھروں میںبھی چراغاںکیاگیاہے اس کے علاوہ آثارشریف حضرت بل کے ساتھ ساتھ پورے شہر کے خانقاہوں ، زیارت گاہوں، چھوٹی مساجد،شاہرائوں ، سڑکوں گلی کوچوں ، سرکاری و غیر سرکاری عمارات اور بازاروں کو برقی رو کے قمقموں سے سجایا گیا۔ وقف بورڈ چیف ایگزیکٹو افسر مفتی فرید الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ درگاہ حضرت بل میں جو زائرین منگل کو ایکبار موئے مقدس کی زیارت کرے وہ کورونا صورتحال کے تناظر میں دوسری بار کسی اور زائر کو موقعہ دے۔ انکا کہنا تھا کہ کوویڈ کے نتیجے میں زائرین کی بھیڑ کم کرنے کیلئے عقیدتمندوں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ دن میں صرف ایک بار ہی زیارت کرے ۔انکا کہنا تھا کہ فیصلہ مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عقیدت مند ، کوویڈ کے عملیاتی طریقہ کار پر مکمل طور پر عمل کرے۔
انہوں نے بتایا کہ محدود تعداد میں عقیدت مندوں کو اجازت دینے کے باوجود بورڈ نے کوویڈ سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کارکے حوالے سے مناسب اقدامات کیے ہیں۔اس دوران پیر کو شب خوانی کے موقعہ پر بھی محدود تعداد میں ہی لوگوں کو شب بیداری میں شرکت کرنے کی اجازت دی گئی۔ مفتی فرید الدین نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری رہنما خطوط کی پاسداری لازمی ہے جس کیلئے وقف نے رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے ملازمین بھی تعینات رہیں گے جو کویڈ سے نپٹنے کے طریقہ کار کے نفاذ پر مامور ر ہیں گے۔آستان عالیہ خانیار و سرائے بالا ، جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ،سید صاحب سونہ وار کے علاوہ کپوارہ، ،بارہمولہ، سوپور ، بانڈی پورہ ، پلوامہ ، شوپیان ، گاندربل ، اننت ناگ ،بڈگام سمیت دیگر اضلاع میں واقع مساجد، زیارتگاہوں ،خانقاہوں میں بھی بابرکت مجالس کا اہتمام ہوا۔
لیفٹیننٹ گورنر کی مبارکباد
نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے عید میلاد النبی ؐ کے موقعہ پر جموں وکشمیرکے لوگوں کو مبارک باد دی ہے ۔اَپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مبارک موقعہ تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان اِتحاد کا جذبہ پیدا کرے گا اور اِتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور خوشی کے لئے دعا کی۔ اُنہوں نے کہا ،’’ یہ مبارک موقعہ جموں وکشمیر میں پائیدار اَمن ، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔‘‘