تھنہ منڈی // راجوری تھنہ منڈی ،بفلیاز سڑک پر تعمیراتی عمل کے دوران مسافروں کو کئی گھنٹوں تک جام میں رہنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔مسافروں نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے ملبہ ہٹانے میں جان بوجھ کر تاخیر کی جاتی ہے جس کی وجہ سے وہ کئی گھنٹوں تک جام میں پھنسے رہتے ہیں۔ پیر کے روز فتح پور علاقے میں شدید ٹریفک جام رہنے سے طلباء اور بیمار لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں سڑک کی تعمیر کا عمل جاری ہونے سے کئی گھنٹوں تک جام لگا رہتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اگرچہ سڑک کی تعمیر ایک اچھا قدم ہے لیکن مسافروں کی دقتوں کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بیوقت بارشوں اور غیر سنجیدہ اقدامات کی وجہ سے مذکورہ سڑک پر سفر کرنے والی حاملہ خواتین ، مریضوں ، طلباء و عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔مکینوں نے بتایا کہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے جان بوجھ کر یکطرفہ سڑک کو بھی بند کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے آئے دن شدید ٹریفک جام رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راجوری کے فتح پور علاقے میں شدید ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے دوران گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے معقول لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ تعمیری کام کام اور مسافر دونوں متاثر نہ ہوں۔