سرنکوٹ//سرنکوٹ کی پنچایت سانگلہ میں قائم کر دہ پرائمری سکول کی عمارت انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ سکول کو 2008میں شروع کیو گیا تھا جبکہ 2017میں ایک غیر معیاری طریقہ سے سکول پر چھت ڈال دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ سکول میں اس وقت 30سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ ان کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے دو ٹیچروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔انہوں نے محکمہ تعلیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عمارت انتہا ئی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے اکثر بارشوں کے دوران بچوں کیلئے مصیبت کا باعث بن جاتی ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ غیر معیاری طریقہ سے عمارت کی تعمیر کی گئی جبکہ بارشوں میں بچوں کو ہمیشہ چھٹی کر دی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بارشوں کا پانی سکول کے اندر داخل ہو جاتا ہے جبکہ لاکھوں روپے کو خر چ کرکے بھی بچوں کو معیاری سہولیات فراہم نہیں کی جاسکی ہیں ۔مقامی سرپنچ خادم کٹاریہ نے بتایا کہ عمارت کی حالت انتہائی غیر معیاری ہے جس کی وجہ سے بچے اندر نہیں بیٹھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے آفیسران نے عمارت کی مرمت کے سلسلہ میں تسلیاں ضرور دی لیکن کئی برسوں بعد بھی اس کی حالت جوں کی توں ہی ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کی مرمت کیلئے محکمہ تعلیم کو ہدایت جاری کی جائیں ۔