اننت ناگ +گاندربل // کوکرناگ میں مردہ تیندوا پایا گیا ہے، جبکہ گاندربل میں ریچھ کے حملے میں ایک نوجوان زخمی ہوا۔کونگم ناڑصوف شالی کوکرناگ میں لوگوں نے جھاڑیوں میں ایک مردہ تیندوے کوپایا جس کے بعد لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کیا ۔ عملہ نے موقع پر پہنچ کر تیندوے کی لاش اپنی تحویل میں لے کر اسکاپوسٹ مارٹم کیا۔محکمہ کا کہنا ہے کہ بظاہر تیندوے کی موت قدرتی طور پر ہوئی ہے۔ادھرلار کے مضافاتی علاقوں میں پچھلے ایک ہفتہ کے دوران تین افراد ریچھ کے حملوں میں زخمی ہوگئے ہیں۔تازہ واقعہ میں چونٹھ ولی وار میں 15 سالہ لڑکاریچھ کے حملے میں زخمی ہوگیا۔مقامی لوگوں کے مطابق قیصر احمد وانی ولد اعجاز احمد اس وقت زخمی ہوا جب وہ کھیت میں کام کررہا تھا کہ اچانک ریچھ نمودار ہوا اور اس پر حملہ آور ہوا۔اس موقعہ پر آس پاس موجود لوگوں نے شور مچایا اور ریچھ بھاگ گیا۔قیصر احمد کو شدید زخمی حالت میں نزدیکی طبی مرکز لیا گیا جہاں سے اسے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کر دیا گیا۔ گزشتہ ایک ہفتے سے لار سے ملحقہ علاقوں میں جنگلی جانوروں کے حملوں میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔