مینڈھر //بھاٹہ دھوڑیاں انکائونٹر کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ کے بھمبر گلی تا جڑانوالی گلی حصے کو گزشتہ چھ دنوں سے مسلسل بند رکھا گیا ہے جبکہ علاقہ میں گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ۔ضلع کے داخلی پوائنٹس بھمبر گلی کیساتھ ساتھ دیگر علاقو ں میں پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے گاڑیوں کیساتھ مشکوک نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جارہی ہے ۔ضلع ہیڈ کوارٹر اور سرنکوٹ کیساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں جانے والی ٹریفک کو مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کی جانب موڈ دیا گیا ہے جہاں سے گاڑیاں دیگر علاقوں کی جانب جاتی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں پونچھ شاہراہ کے نزدیک ہی ملی ٹینٹوںکی تلاش کے سلسلہ میں ایک ایک انکائونٹر شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کو مذکورہ علاقہ سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کے کچھ ہی کلو میٹر کی دوری پر انکائونٹر چل رہا ہے جس کی وجہ سے مسافروں وعام لوگوں کی زندگی خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتی ۔جڑانوالی گلی اور بھمبر گلی کے درمیانی علاقہ میں قائم کردہ تجارتی مراکز بھی گزشتہ کئی دنوں سے بند ہیں ۔