مغل شاہراہ پر موبائل نیٹ ورک دستیاب نہیں
ٹرانسپورٹر وں و مسافروں کو دوران آمد ورفت دقتوں کا سامنا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//خطہ پیر پنچال کو وادی کشمیر کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ پر ابھی تک موبائل نیٹ ورک دستیاب نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے مسافرو ں و ٹرانسپورٹروں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مسافروں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ شاہراہ کو قائم ہونے کے برسوں بعد بھی موبائل نیٹ ورک قائم کرنے کیلئے نہ تو مقامی و مرکزی حکومت کی جانب سے کوئی قدم اٹھا یا گیا ہے او ر نہ ہی مواصلاتی کمپنیوں کی جانب سے کوئی دھیان دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو سفر کے دوران کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ اس سے قبل مغل شاہراہ پر کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں جبکہ ان کی اطلاع انتظامیہ تک پہنچانے کیلئے کئی کلو میٹر دور جانا پڑا ہے جس کے بعد بچائو کارروائیاں شروع کی گئی ہیں ۔سرنکوٹ اور شوپیاں کی جانب سے کئی کلو میٹر شاہراہ کے درمیانی حصہ میں موبائل نیٹ ورک دستیاب ہی نہیں ہے ۔مسافروں و ٹرانسپورٹروں نے بتایا کہ پوشانہ سے دوبجیاں تک ایک طویل سفر بغیر موبائل نیٹ ورک کے طے کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مو بائل نیٹ ورک قائم کرنے کیلئے کمپنیوں کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
دریائے آنس میں سرگرم مافیا کیخلاف کارروائی
پولیس نے 2گاڑیوں کو ضبط کر کے معاملہ درج کرلیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے دریائے آنس میں سرگر م ریت بجری مافیا کیخلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2گاڑیاں ضبط کی لی ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ دریا سے غیر قانی طورپر ریت اور بجری نکالنے کیخلاف ایک کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جس کے دوران گاڑیوں کو ضبط کر کے کیس درج کر لئے گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ سب ڈویژن میں واحد بڑے دریا میں مافیا کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریت بجری نکال کر فروخت کی جارہی ہے جبکہ اس سلسلہ میں مقامی لوگوں و معززین نے کئی مرتبہ حکام سے اپیلیں بھی کی ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر مافیا سر گرم رہتا ہے تاہم اس سلسلہ میں انتظامیہ سے شکایت کرنے کے باوجود بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔دوسری جانب سے پولیس نے ریت بجری مافیا کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر غیر قانونی طریقہ سے ریت بجری نکالنے کا عمل یوں ہی جاری رہا تو اس سلسلہ میں سخت کارروائی عمل میںلائی جائے گی ۔
راجوری ۔ بفلیاز روڈ پر جاری کام میں سرعت لانے کا مطالبہ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //سب ڈویژن تھنہ منڈی کے نوجوانوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ راجوری تا بفلیاز سڑک کی تعمیر میں سرعت لائی جائے تاکہ دوران آمد ورفت مسافروں کو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ چند ماہ قبل راجوری ۔ بفلیاز مغل روڈ کی توسیع کا کام شروع ہوا تھا لیکن کام کی سست روی سے عوام کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سڑک کی ابتر حالت کی وجہ سے گھنٹوں بھاری ٹریفک جام رہتا ہے جس کی وجہ سے خاص کر مریضوں راہگیروں اور طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سلسلے میںانجینئر ارشد اعجاز خان اور سید منظر علی شاہ کی قیادت میں تھنہ منڈی کے نوجوانوں نے راجوری تا بفلیاز روڈ کی تعمیر پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی کے بڑے بڑے ٹرک، بھاری پتھر اور غیر مناسب جگہوں پر ڈالے جانے والے ملبے کی وجہ سے عوام کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مقامی نوجوانوں نے ضلع انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی کو مناسب ہدایات دے کر عوام کی سہولیت کیلئے ضروری اقدامات کرے جس سے ٹریفک کو کوئی مشکل در پیش نہ ہو۔ انھوں نے انتظامیہ سے سڑک کے تعمیری کام میں سرعت لانے کا مطالبہ بھی کیا۔
صحافی جہانگیر خان کیساتھ تعزیت کا اظہار
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ای ٹی وی بھارت اور سی این آئی نیوز چینل کے رپورٹر جہانگیر خان کے والد محمد بشیر خان کی وفات پر تھنہ منڈی کی صحافی برادری او ر بار ایسوسی ایشن کے اراکین نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔تھنہ منڈی کے صحافیوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ واضح رہے کہ صحافی جہانگیر خان کے والد گزشتہ روز طویل علالت کے بعد 65 سال کی عمر میں اس دار فانی سے دار بقا کی جانب کوچ کر گئے۔ اس موقع پر بار ایسوسی ایشن تھنہ منڈی کے صدر ایڈوکیٹ ارشد سمیال ، جنرل سیکرٹری انجم شال، ایڈوکیٹ ظہور بھٹی ، ایڈوکیٹ قمر زمان مرزا، ایڈوکیٹ شاہین بھٹی، ایڈوکیٹ میر باز چوہدری ، ایڈوکیٹ بابر مرزا، ایڈوکیٹ ساجد قیوم شال، ایڈوکیٹ ممتاز چوہدری، ایڈوکیٹ چوہدری عبدالرزاق، ایڈوکیٹ عرفان ملک اور ایڈوکیٹ مبین سمیال کے علاوہ غیرسیاسی تنظیم ہمدرد فاؤنڈیشن ، فلاحی تنظیم را ہ حق ٹرسٹ ، پہاڑی ویلفیر فورم تھنہ منڈی ، بلدیاتی نمائندوں اور تمام مکاتب فکر کے افراد نے بشیر خان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
نرہڈ گائوں میں بجلی ٹرانسفارمر خراب
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے چنڈک نرہڈ گاوں میں بجلی کا ٹرانسفارمر جل کر خراب ہو جانے سے پچھلے کئی دنوں سے علاقے میں بجلی غائب ہے۔جسکے نتیجے میں مقامی آبادکاری سخت پریشان ہے۔ وارڈ نمبر 7 کے پنچ سرفراز حسین نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کو اسکے بارے میں متعدد بار آگاہ کیا گیا کہ مذکورہ علاقے کے ٹرانسفارمر کی مرمت کی جائے مگر کئی دن گزر جانے کے بعد بھی بجلی کے ٹرانسفارمر کو نہ تبدیل کیا گیا اور نہ ہی مرمت کیا گیا۔جسکے باعث میں متعلقہ محکمہ کے تئیں مقامی آبادی کے درمیان میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔انھوں نے ڈی ڈی سی چیئر مین تعظیم اختر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مداخلت کر کے مذکورہ علاقہ کا ٹرانسفارمر کو بدلنے کی متعلقہ محکمہ کے افسران کو ہدایت کریں۔
نجی سکول ایسوسی ایشن کی تشکیل نو
پونچھ//پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کی طرف سے کرائے گئے حالیہ انتخابات میں وحید احمد بانڈے کو بلا مقابلہ ضلع صدر منتخب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ان انتخابات میں ضلع کے 247 سکولوں نے حصہ لیا ہے جنہوں نے با اتفاق رائے اس بات کا فیصلہ کیا کہ آنے والے دو سال ضلع کے صدر وحید احمد بانڈے ہوں گے۔ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ضلع صدر سید شاہنواز ،بدرالدین راتھر تحصیل صدر سرنکوٹ،سید محمد یوسف شاہ ذون صدر سرنکوٹ ، سید علی مرتضی ، غلام محی الدین ضلع چیف ایڈوائزر ، چوہدری نور احمد تحصیل نائب صدر ،عبدالقوی سیکریٹری نشرواشاعت، عبدالوارث سینئر ممبر ،عبدالہادی بلا ک صدر سرنکوٹ ، محمد عارف رضا بلاک صدر لسانہ ،محمد فاروق نے انھیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے ایک قابل ترین ہونہار اور پر اعتماد شخص کو منتخب کیا ہے جس کیلئے پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔
بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کا پونچھ میں احتجاج
حسین محتشم
پونچھ // وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کی ضلع اکائی نے پونچھ کے صدر بازار میں بنگلہ دیش میں ہوئے مندروں پر حملوں کے خلاف احتجاج کیا۔اس دوران کے روز سے بنگلہ دیش میں ہو رہے ہندو مندروں پر حملے کو لے کر ہندو مذہبی تنظیم بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے درجنوں سے زائد کارکنان اور عہدے داروں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیااور نعرے بازی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے پتلے کو نذرآتش کیا۔بجرنگ دل کے ضلع صدر نیشو گپتا نے بتایا کی بنگلہ دیش کے کئی حصوں میں ہندوؤں پر حملے ہو رہے ہیں۔ مندروں میں توڑ پھوڑ کی جارہی ہے ساتھ ہی ہندو مذہب کے دیوی دیوتاؤں کی مورتیوں کو توڑا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم بنگلہ دیش میں ہو رہے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے عالمی برادری سے اس سلسلہ میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے بنگلادیش کے ہندئووں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
جنیاڑ مدرسہ میں دفترکا سنگ بنیاد رکھا گیا
حسین محتشم
پونچھ// بچیوں کو دینی تعلیم دینے والے معروف ادارہ مدرسہ جامعہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا جنیاڑ پونچھ میں دفتر کی عما رت کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں علماء کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ فرزندان توحید کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید محمد ر عارف رضو ی خلیفہ حضور مفتی اعظم ہند بریلی شریف نے اپنے ہاتھوں سے عمارت کا سنگ بنیاد رکھا ۔انھوں نے خطاب کرتے ہوئے سیرت نبی اکرم ؐ بیان کی اور مدرسہ ہذا کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دلوائیں۔انھوں نے کہا کہ بچیوں کے لئے علم دین سیکھنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا بچوں کے لئے ہے۔اس دوران دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور نعت خواں حضرات نے سرکار دوعالم کے حضور نعت کے نذرانے پیش کئے ۔تقریب کے اختتام پر تبرک تقسیم ہوا اور عالم انسانیت کے لئے خصوصی دعائیں طلب کی گئی۔
پونچھ میں فارسٹ رائٹ کمیٹی کا اجلاس
پونچھ// ڈسٹرکٹ لیول فاریسٹ رائٹ کمیٹی( ڈی ایل ایف آر سی ) نے پونچھ میں ایک اجلاس منعقد کیا جس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے کی۔ میٹنگ میں سب ڈویژنل کمیٹیوں سے موصول ہونے والے تمام دعوئوں کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ایف آر اے کے تحت 109 دعوئوں کا تصفیہ کیاگیا۔ میٹنگ میں پیش کئے گئے ۔ اس سے قبل تمام دعوئوں پر سیر افروز بحث کی گئی۔ اس اجلاس ڈی ڈی سی ممبر مینڈھرفاروق احمد ، ڈی ڈی سی ممبر سرنکوٹ چوہدری شاہنواز ، ڈی ایف او پونچھ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیو لپمنٹ ،راجیش لکھن ، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر شکیل احمد ، اے سی پی شفیق میر ، جہانگیر حسین ، اور دیگر ضلع اور تحصیل سطح کے افسران موجود تھے۔
پنڈوری گائوں کیلئے رابطہ سڑک تعمیر نہ ہو سکی
لوگوں روزانہ کئی کلو میٹر پیدل سفر کرنے پر مجبور
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے پنڈوری گائوں میں ابھی تک رابطہ سڑک تعمیر ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو روزانہ کئی کلو میٹر پیدل سفر طے کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیری بلاک کے زیر تحت آنے والے گائوں میں حکام رابطہ سڑک تعمیر کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے جبکہ مقامی لوگوں جہاں قدیم طرز کی زندگی بسر کررہے ہیں وہائیں مریضوں و حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے کئی کلو میٹر پیدل سفر کر کے سڑک میں پہنچتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے نوشہرہ کی سیاسی قیادت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ صرف انتخابات کے دوران لوگوں کو جذباتی کر کے ووٹ حاصل کئے جاتے ہیں جبکہ زمینی سطح پر تعمیر وترقی کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک کی تعمیر کیلئے کئی مرتبہ ضلع انتظامیہ کے اعلی آفیسران سے بھی رابطہ قائم کیا گیا لیکن ابھی تک عملی سطح پر کوئی قدم نہیں اٹھا یا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنڈوری گائوں کیلئے رابطہ سڑک تعمیر کی جائے ۔