سرینگر// جموں کشمیر میں سوچھ بھارت مشن گرامین(دیہہ) کے نفاذ کیلئے حکومت نے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کو منظوری دی۔ سرکار کی جانب سے جمعہ کو جاری ایک حکم نامہ میں کہا گیا کہ جموں کشمیرمیں وزارت جل شکتی کی طرف سے سوچھ بھارت مشن گرامین(دیہہ) کے دوسرے مرحلے میں آپریشنل رہنما خطوط کے نفاذ کیلئے کمیٹی کے قیام کو منظوری دی گئی ہے۔ حکم نامہ کے مطابق اس کمیٹی کی کمان جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری کو دی گئی جبکہ کمیٹی میں محکمہ خزانہ کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ صحت و طبی تعلیم کے انتظامی سیکریٹری،محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے انتظامی سیکریٹری،محکمہ انفارمیشن کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ جل شکتی کے انتظامی سیکریٹری اور نکاسی،میڈیا، غیر سرکاری رضاکار تنظیموں،ہائڈرولوجی،آئی ای سی اور ایچ آر ڈی میں ماہرین ممبران کے طور پر کام کریںگے۔ سرکاری کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا اس کمیٹی کا مقصد جموں کشمیرمیںمشن کی معاونت اور انہیں مشاورت فراہم کرنا ہوگا جبکہ جموں کشمیر میں اس مشن پروگرام کے کامیاب نفاذ سے متعلق تجویز اور کاروائی کا اختیار ہوگا۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج محکمہ کے ماتحت کام کرے گی۔