ڈوڈہ //رہبر کھیل کی تقرریوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے نیشنل سٹوڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے جعلی ڈگریوں کی بنیاد پر ڈوڈہ ضلع کے تعلیمی زون بھٹیاس و بھلیسہ میں نوکریاں فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور ایل جی انتظامیہ سے مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کے تحت تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ یوتھ سروسز و سپورٹس میں بطور رہبر کھیل تعیناتی کے لئے 2017 میں درخواستیں طلب کیں تھیں اور ڈوڈہ کے تعلیمی زون بھٹیاس میں 18 و بھلیسہ زون میں 43 امیدواروں کی تقرری عمل میں لائی گئی تھی تاہم ایم پی ایڈ و بی پی ایڈ ڈگری یافتہ نوجوانوں کو نظر انداز کیا گیا تھا۔اس معاملے کو لے کر مقامی نوجوانوں نے نیشنل سٹوڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بینر تلے حق قانون اطلاعات کے تحت متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کیا گیا تھا جبکہ اسوقت کی مرکزی و یوٹی انتظامیہ سے تحریری طور پر معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔سماجی کارکن و چیئرمین نیشنل سٹوڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن صداقت ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متعلقہ محکمہ نے سیاسی پشت پناہی پر بیشتر امیدواروں کی تقرری جعلی ڈگریوں پر عمل میں لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی جانب سے اس مدعا کو ابھارنے پر آئے روز سیاسی لیڈروں کی دھمکیاں ملی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس جعلی ڈگریوں کے ٹھوس ثبوت ہیں لیکن حکام سے متعدد بار تحقیقات کی مانگ پر خاموشی اختیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے محکمہ یوتھ سروسز و سپورٹس میں ہوئی بے ضابطگیوں کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو انصاف دینے کی مانگ کی ہے۔