سرینگر //جموں و کشمیر کا بارہمولہ ضلع 2.5فیصد کی بہتری کے بعدنیتی آیوگ کی ڈیلٹا ریکنگ میں پورے ملک میں تیسرے نمبر پر آیا ہے۔لیفٹیننٹ گور نر نے اپنے ٹیوٹ میں مزید لکھا کہ ڈی سی بارہمولہ اور انکی ٹیم کو سماجی وعدہ بندی اور ذمہ داریوں اور ضلع میں لوگوں کی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کی گئی کوششوں کیلئے مبارک باد دیتا ہوں۔اس سے قبل نیتی آیوگ نے اپنے ایک ٹیوٹ میں لکھا ’’شمال سے جنوب،مشرق سے مغرب تک یہ تین اضلاع بہترین ہیں‘‘۔ٹیوٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ نیتی آیوگ کی ڈیلٹا رینکنگ میں 5بہتری دکھانے والے اضلاع کو شامل کیا گیا ہے۔ بدلائو کے علمبرداروںکو مبارک باد ۔ضلع بارہمولہ نے صحت و نشونما کے شعبہ میں دو ماہ کے دوران 5.2فیصد کی بہتری لائی ہے۔ اگست 2021میں بارہمولہ ضلع کو صحت و نشونما کیلئے 77.6پوائنٹ ملے جو ستمبر مہینے میں بڑھکر 82.8تک پہنچ گئے۔ تعلیم کے شعبہ میں بارہمولہ ضلع میں 0.01فیصد بڑھاوا ہوا ۔ اگست 2021میں تعلیم کے شعبہ میں بارہمولہ کو 64.2فیصد ملے جبکہ ستمبر مہینے میں 64.3فیصد ملے ہیں۔ شعبہ زراعت اور آبی وسائل میں بارہمولہ میں 1.4فیصد بہتری آئی ہے۔ اگست 2021میں یہ9.6فیصد تھی جو ستمبر مہینے میں بڑھکر11ہوگئی ہے۔ دست کاری کے فروغ کیلئے مالی امداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اگست میں یہ 21.8فیصد رہی جبکہ ستمبر کے آخرتک یہ 22.9فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ بنیادی ڈھانچے کے شعبہ میں بارہمولہ میں قدرے بہتری آئی ہے اور اگست میں 40فیصد سے بڑھکر یہ 44.2فیصد تک پہنچ گئی ہے۔