سرینگر /بلال فرقانی/ جمعرات کوشہرمیں اضافی سیکورٹی چوکسی کے بیچ سرائے بالا اور اس کے ملحقہ علاقوں وبازاروں میں اچانک تلاشی آپریشن شروع کرکے لوگوں کی جامہ تلاشی و شناختی کارڈ چیک کئے گئے۔ پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے لوگوں کو کئی مقامات پر ایک ہی قطار میں کھڑا کرکے ان کے شناختی کارڈ چیک کئے اور ان کی جامہ تلاشی لی ۔ یہاںسے گزرنے والی گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی اوران میں سوار افرادکے شناختی کارڈبھی دیکھے گئے۔خاص طور پر علاقے میں موجود دکانداروں سے انکے سیلز مینوں کی تفصیلات طلب کی گئیں۔غورطلب ہے کہ حالیہ شہری ہلاکتوں جن میں ایک سیلز مین کی ہلاکت بھی شامل ہے، کے پیش نظر سرینگر کے قرب و جوار میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔