جموں// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کو بی جے پی پر جموں و کشمیر میں جمہوریت اور انسانی حقوق کو پامال کرنے کا الزام لگایا۔سابق چیف منسٹر نے الزام لگایا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت ’’اپنے ہی لوگوں کے ساتھ جنگ‘‘ میں مصروف ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا’’بی جے پی کی حکومت افغانستان میں شمولیتی حکومت اور انسانی حقوق پر لیکچر دیتی ہے اور کشمیر میں لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جاتا ہے اور آئینی حقوق کا مطالبہ کرنے پر غداری کا مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔ کشمیر میں بی جے پی کی شمولیت کا مطلب صرف وہ لوگ ہیں جو اس کی خطوط پر چلتے ہیں اور اس کے ایجنڈے کا پرچار کرتے ہیں‘‘۔پی ڈی پی سربراہ جموں کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔انہوں نے گزشتہ دو دنوں کے دوران پارٹی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کارکنوں اور مختلف وفود کے ساتھ سلسلہ وار ملاقاتیں کیں اور کئی ممتاز سماجی کارکنوں کا اتوار کو پارٹی میں خیرمقدم کیا۔محبوبہ نے کہا’’ملک اور دنیا کو اس بات کا نوٹس لینا چاہئے کہ کس طرح بی جے پی دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں اکثریت پسندی کو نافذ کر رہی ہے، پارٹی کس طرح دنیا کو جمہوریت، انسانی حقوق اور انسانی اقدار پر لیکچر دے رہی ہے اور کس طرح جموں وکشمیر میں انسانی اقداراورجمہوریت کو پامال کر رہی ہے‘‘۔ پی ڈی پی کے ترجمان نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے ہفتہ کی شام ستواری میں پیر بابا کی درگاہ کا دورہ کیا۔