سرینگر//جموں کشمیر میں زمینی صورتحال کو بہتر قرار دیتے ہوئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے کہا کہ مقامی لوگوں کی مدد سے جنگجوئوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کامیاب آپریشن جاری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام اب تشدد سے پاک ماحول چاہتے ہیں جو کہ ایک مثبت چیز ہے ۔ ٹائمز نو سمٹ کے دوران بات کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے کہا کہ جموں کشمیر میں جنگجوئوں کے خلاف کامیاب آپریشن جاری ہیں جبکہ کسی بھی جنگجو کو آزاد نہیں جانے دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگ اب جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں معلومات دے رہے ہیں۔جنرل راوت نے کہا کہ ’’اب تک جو کچھ ہو رہا ہے ،وہ یہ ہے کہ لوگ ان جنگجوئوں کو جانتے تھے اور وہ کہاں کام کر رہے تھے، لیکن یہ بندوق کا خوف تھا جس نے انہیں معلومات ظاہر کرنے سے روک دیا تھا۔ لیکن اب وہ مختلف سوچ رہے ہیں ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ وہ نہیں جانتے کہ آیا یہ مقامی لوگوں کی طرف سے جنگجوئوں کے لیے کوئی پیغام ہے یا یہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ذریعے کھیلا جا رہا ہے، جنرل راوت نے کہا کہ اگر یہ سابقہ تھا،’’تو میں کہوں گا کہ یہ ایک اچھا کارڈ کھیلا جا رہا ہے ‘‘۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا یہ چوکسی کی حوصلہ افزائی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے جنرل راوت نے کہا کہ ’’ جنگجوئوں کو مارنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کیسے ہو سکتا ہے؟ اگر آپ کے علاقے میں کوئی عسکریت پسند کام کر رہا ہے تو آپ اسے کیوں نہ ماریں‘‘ ۔