جموں+سرینگر// کھریو پانپور میں اتوار کو ایک 32 سالہ نجی اسکول ٹیچر نے مبینہ طور پر خود کوپھانسی لگا کر خودکشی کرلی جبکہ راجوری میں ایک فوجی اہلکار نے خود کوگولی مارکر اپنا کام تمام کیا۔ جنوبی کشمیر کے قصبہ پانپور کے کھریو علاقے میں ایک نوجوان غلام مصطفیٰ (نام تبدیل) جو کہ ایک مقامی نجی اسکول میں بطور استاد کام کر رہا تھا، نے مبینہ طور پر شار کھریو میں اپنی رہائش گاہ میں پنکھے سے خود کولٹکا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے لاش کو قبضے میں لے لیا اور طبی اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد متوفی کی لاش کو آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کیا ۔انہوں نے کہا کہ موت کی اصل وجہ اور انتہائی اقدام کے پیچھے وجوہات جاننے کے لیے قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت تحقیقات شروع کر دی گئی ۔راجوری میں ایک فوجی کیمپ میں تعینات اہلکار نے مبینہ طور خود کوگولی مارکر اپناکام تمام کیا۔حکام کے مطابق نائیک دیپک سنگھ پالماکیمپ میں ڈیوٹی پرتھا،جوراجوری سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے،اوراس کے ساتھیوں نے اس کے پوسٹ سے گولیاں چلنے کی آوازیں سنی۔حکام کے مطابق سپاہیوں نے سنگھ کو گولی کے زخم کے ساتھ پایا اوراُسے فوراًاسپتال پہنچایاجہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔پولیس کے مطابق سپاہی نے لگتا ہے خودکشی کی ہے لیکن اس کی خود کشی کے پیچھے وجوہات کیا ہیں معلوم نہیں ہیں۔