سرینگر //ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے سوموار کو مہلوک پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے حق میں 2.78 کروڑ روپے کی خصوصی فلاحی ایکس گریشیا ریلیف کو منظوری دی جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کیلئے بھی فلاحی امداد کو منظوری دی گئی۔جموں وکشمیر پولیس میں اپنی خدمات کی انجام دہی کے دوران جان گنوانے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کیلئے مدد جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے 2.78 کروڑ روپے کی ایکس گریشیا/ خصوصی فلاحی ریلیف کو منظور ی دی ہے۔ ایک حکم نامے کے تحت مہلوک پولیس انسپکٹر پرویز احمد ڈار کے زیر کفالت افراد اور قانونی ورثاء کے حق میں 38 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف منظور کی گئی ہے۔مذکورہ انسپکٹر کے اہل خانہ کے حق میں 20 لاکھ روپے کی خصوصی فلاحی ریلیف بھی منظور کی گئی ہے۔پی ایچ کیو کے ایک اور حکم کے تحت ڈی جی پی نے متوفی پولیس اہلکاروں اے ایس آئی نور عالم، اے ایس آئی محمد یونس، اے ایس آئی جوگندر سنگھ، نصیر احمد، ایچ سی گرمیت کے زیر کفالت افراد اور قانونی ورثاء کے حق میں 20،20 لاکھ روپے کی منظوری دی ہے۔ جبکہ انہوں نے زخمی ہونے والے دو ایس پی اوز کے حق میں 25ہزار روپے کی منظوری بھی دی ہے ۔ اسی طرح ایک کانسٹیبل کے حق میں 10 ہزار روپے اور فرائض کی انجام دہی کے دوران زخمی ہونے والے تین پولیس اہلکاروں کے حق میں پانچ پانچ ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ رقم مرکزی پولیس ویلفیئر فنڈ سے فلاحی ریلیف کے طور پر منظور کی گئی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پولیس ہیڈ کوارٹر نے اس سال کے دوران آج تک پولیس اہلکاروں کے حق میں 37 کروڑ روپے سے زیادہ کی ایکس گریشیا اور خصوصی فلاحی ریلیف کی منظوری دی ہے۔