سرینگر//شہجار سوشل رنگ اور ولر پبلشنگ ہائوس کی جانب سے اتوار کو گورنمنٹ ہائرسکینڈری اسکول(بائز) سوپور میں یومِ اقبال کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں کئی مصنفین اورشعراء نے شرکت کی۔ماہرین اقبالیات نے اقبال کی شخصیت اور فکر وفن پر روشنی ڈالی۔ ماہر اقبالیات ڈاکٹر مشتاق احمد گنائی ڈائریکٹر اقبال انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کلچر کشمیر یونیورسٹی نے اپنی تقریر میں یوم اقبال منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا’’اقبال کا میری زندگی میں ایک اہم کردار رہا ہے۔ میں آج جو کچھ بھی ہوں اقبال کی ہی بدولت ہوں‘‘۔عالمی شہرت یافتہ نقاد،دانشور اور ماہر اقبال ڈاکٹر ریاض توحیدی نے اقبال اور کشمیر پر بصیرت افروز خطاب کیا۔انہوں نے اقبال کے تصور تعلیم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ لوگوں خصوصاً طالب علموں کو کلام اقبال پڑھنے اور سمجھنے کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اقبال کے تعلیمی نظریہ کو سمجھا جائے اور عمل میں لایا جائے تو سماج میں ایک نیا تعلیمی انقلاب دیکھنے کو ملے گا۔ ڈاکٹر فیض قاضی آباد نے کلام اقبال میں صحبت صالحین کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سفینہ بانو جو شہجار سوشل رنگ کی صدر ہیں، نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ عابد شاہین ولر پبلشنگ ہائوس کے صدر نے مہمانوں کاشکریہ اداکیا۔ پروگرام کے آخر پر محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں وادی کے نامور شعرا ء نے شرکت کی، جن میں عقیل اسرار،آفاق دلنوی اور فہیم سعید نے شمولیت کی۔ پروگرام میں قوالی محفل بھی منعقد ہوئی جس میں کوہنور بینڈ بارہمولہ نے اقبال اور مولانا رومی کا کلام پیش کیا۔ پروگرام کے آخر پرتقسیم اسناد کی تقریب منعقد ہوئی۔