دبئی// (یو این آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے سال آسٹریلیا میں ہونے والے مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے سات میزبان شہروں کا اعلان کیا ہے۔آئی سی سی نے منگل کے روز ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اگلے سال 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کل 45 میچز ایڈیلیڈ، برسبین، جیلانگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی میں ہوں گے۔ ورلڈ کپ کا فائنل 13 نومبر 2022 کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں ہوگا، جبکہ سیمی فائنل میچ بالترتیب 9 اور 10نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ اور ایڈیلیڈ اوول میں ہوں گے۔اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کی چیمپئنآسٹریلیا اور رنراپ نیوزی لینڈ سمیت افغانستان، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ہندوستان، پاکستان اور جنوبی افریقہ اعلیٰ رینکنگ والی ٹیموں کے طور پر ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2022 کے اسپر 12 مرحلہ میں براہ راست داخلہ حاصل کریں گے۔ وہیں نامیبیا، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز راؤنڈ ایک میں کھیلیں گے، جبکہ باقی چار ٹیموں کے لیے جگہ دو جاری کوالیفکیشن ٹورنامنٹس کے ذریعے پْر ہوں گی، جس کا اختتام بالترتیب یکم فروری کو عمان اور جون جولائی میں زمبابوے میں ہوگا۔