سرینگر // وادی میں شبانہ سردی کی شدت آئندہ کئی روز تک جاری رہے گی۔نومبر میں ہی شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے اور پہلی بار وادی کے ہر علاقے میں منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 24 نومبر تک موسم میں بظاہر کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئے گی، جس کے بعد وادی میں بارشیں بیا دور دور تک ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اس سے قبل محکمہ نے پیشگوئی کی تھی کہ 21سے23تک معمولی مغربی ہوائیں وادی کو متاثر کر سکتی ہیں ۔محکمہ کے مطابق 24نومبر تک وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں منفی2سے3ڈگری کا اضافہ ہو سکتا ہے۔درجہ حرارت میں آنے والی گرواٹ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سرینگر میں ایک مرتبہ پھر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی،جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری تھا جو کہ شہر میں سال کے اس وقت کے معمول سے اب تک کے سیزن کا سب سے کم ہے ۔ قاضی گنڈ میں کم از کم درجہ حرارت منفی 2.2 جبکہ پہلگام میں منفی 4.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔کوکرناگ میں منفی 1.0 ، گلمرگ میں منفی 2.0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق 23نومبر تک جموں وکشمیر میں موسم خشک رہے گا البتہ 24نومبر کی رات کو شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراواٹ آئے گی اور کم سے کم درجہ حرارت میں منفی 2سے3ڈگری کا اضافہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ نومبر کے آخر تک کسی بھی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔