نئی دہلی// سپریم کورٹ نے بدھ کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس راکیش کمار جین کو لکھیم پور کھیری قتل کیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی جانچ کی نگرانی کے لیے مقرر کیا ہے ۔ چیف جسٹس این۔ وی رمنا کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کے دوران کہا کہ جسٹس راکیش کمار جین کی تقرری تحقیقات میں مکمل "منصفانہ اور آزادی" کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے ۔ اتر پردیش حکومت نے ڈویژن بنچ کو تحقیقات کی نگرانی کی ذمہ داری ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کو سونپنے کے لیے اپنی رضامندی دی تھی۔ سپریم کورٹ نے اتر پردیش کی حکومت کو تین سینئر انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسران کی تقرری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ این ایس شروڈکر، دیپندر سنگھ اور پدمجا چوہان کو بھی ایس آئی ٹی کی جانچ ٹیم میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ وہ چارج شیٹ داخل ہونے اور جسٹس جین کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس معاملے کی اگلی سماعت کرے گی۔ ڈیویژن بنچ کے سامنے سماعت کے دوران، یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ہریش سالوے نے معاوضے کے معاملے پر کہا کہ ایک مسئلہ ہے کہ کیا یہ ان لوگوں کو دیا جائے جو ملزمان کے قتل کا الزام لگا رہے ہیں۔