گاندربل//سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ایم ٹیک کے نئے طلبا کے لئے پروگرام 2.0 کا انعقاد کیا۔ کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ کے طلبا کے لئے منعقدہ پروگرام زیرصدارت وائس چانسلر پروفیسر فاروق احمد شاہ نے کی۔اس موقع پر پروفیسر فاروق احمد شاہ نے خوشی کا اظہار کیا کہ شعبہ سکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے پوری صلاحیت کے ساتھ طلبا کو سنٹرل یونیورسٹی کشمیر میں داخل کرنے کا انتظام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اور فیکلٹی ہمیشہ طلبا کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہے گی اور ان کی ڈگریاں وقت پر مکمل کرائی جائیں گی اور طلبا کے تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے طلبا سے کہا کہ وہ اپنے تعلیمی وقت کو اچھے طریقے سے استعمال کریں۔اس موقع پر طلبا کو یونیورسٹی میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔رجسٹرار پروفیسر ایم افضل زرگر نے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں داخلہ حاصل کرنے پر طلبا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ’’عالمی سطح پر اس وقت کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ کی اہمیت کافی بڑھ چکی ہے کیونکہ دنیا ایک گلوبل ولیج بن گئی ہے‘‘۔شعبہ سکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ ڈاکٹر ایم احسن چشتی نے شعبہ میں داخلہ لینے والے طلبا کو خوش آمدید کہتے ہوئے فیکلٹی اور انتظامی عملے کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پروفیسر اے ایم وانی نے طلبا کو وقت کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر سائنس کی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا۔شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سربراہ آفاق عالم خان نے تقریب کی کارروائی انجام دی جبکہ ظہور احمد نجار نے شکریہ کی تحریک ادا کی ۔