سرینگر //پولیس کنٹرول روم بٹہ مالو کے باہر سرینگرمیونسپلٹی نے دور دراز علاقوں سے آنے والے راہگیروں اور مقامی دکاندراوں کیلئے بیت الخلاء کی سہولت دستیاب رکھی ہے لیکن شروعات کے محض تین روز بعد ہی انہیں نامعلوم وجوہات کی بناء پر بند کیاگیا ہے۔ مقامی دکاندار غلام محمد جعفری نے بتایا ’’ مسافروںاوردکانداروں کی سہولیت کیلئے سرینگر میونسپل کارپوریشن نے پی سی آر کے باہر سوچھ بھارت ابھیان کے تحت بیت الخلاء کی تعمیر عمل میں لائی لیکن بیت الخلاء افتتاح کے تین دن بعد ہی نامعلوم وجوہات کی وجہ سے بند کئے گئے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ دکانداروں اور مسافروں کو وضو اور دیگر چیزوں کیلئے ایک کلو میٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ میونسپل حکام کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا گیا لیکن بیت الخلاء دوبارہ نہیں کھولے گئے ۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے چیف سینی ٹیشن افسر نذیر احمد بابا نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ہمیں بیت الخلاء بند ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن اگر کوئی خرابی پیدا ہوئی ہے تو فوراً ٹھیک کرکے دوبارہ شروع کیا جائے گا‘‘۔انہوںنے کہا ’’ میں بٹہ مالو کا خود دورہ کروں گا اور اس کی رپورٹ اعلیٰ افسران تک پہنچائوں گا کیونکہ بیت الخلا ء بند ہونے سے لوگوں کو کافی تکلیف ہوگی‘‘۔