تھنہ منڈی // ٹریڈ یونین تھنہ منڈی نے ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا جس میں تاجر برادری کو درپیش مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں با اتفاق رائے ارشد نواز خان کو صدر، ماجد میر کو جنرل سیکرٹری اور سماجی کارکن انجینئر ارشد اعجاز خان کو ٹریڈ یونین تھنہ منڈی کا سیکریٹری اور ترجمان منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر یونین کے صدر ارشد نواز خان نے تمام تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یونین کی توقعات پر پورا اترنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تھنہ منڈی کی ٹریڈ یونین تحصیل انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ تحصیل و ضلع انتظامیہ اور تاجر برادری کا اتحاد قائم رہنے سے مسائل جلد حل ہو نگے۔ یونین نے امید جتائی کہ نوجوان طبقہ اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا۔یونین نے کہا کہ تمام تاجر برادری کرونا مہاماری سے متاثر ہونے والی غریب عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کےلئے ضروری اقدامات کرے۔ اس اجلاس میں یونین کے جن دیگر ارکان نے حصہ لیا ان میں طلعت ٹھاکر، یاسر گنائی، اظہر میر نوید انجم خان اور محمد رفیق وغیرہ نے حصہ لیا۔