سانبہ//محکمہ سماجی بہبود نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر گورنمنٹ ڈگری کالج سانبہ میں منشیات کی روکتھام کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا ۔ محکمہ سماجی بہبود کی سیکرٹری شیتل نندا نے پروگرام کا افتتاح کیا جبکہ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جموں وویک شرما ، ڈپٹی کمشنر انورادھا گپتا کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری موصوفہ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت یو ٹی سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال دُنیا بھر میں سب سے سنگین سماجی مسائل میں سے ایک ہے جو ہمارے سماجی تانے بانے کو توڑ رہا ہے اور بنی نوع انسان کیلئے خطرہ ہے ۔ انہوں نے اس برائی کو ختم کرنے کیلئے سماجی بہبود محکمہ کی طرف سے اٹھائے جانے والے کچھ اقدامات پر روشنی ڈالی جس میں طبی مداخلت کے علاوہ بیداری کے پروگرام ، بحالی اور منشیات کے عادی افراد کیلئے مشاورت شامل ہیں ۔ اس موقع پر ایف ایم بگ 92.7 نے آر جے جوہی اور ٹیم کے ذریعے مہم کا انتظام کیا ۔ نٹرنگ گروپ کی جانب سے منشیات کے استعمال پر سٹیج پرفارمنس سے سامعین محظوظ ہوئے جبکہ گلو کارہ سونالی ڈوگرہ نے بھی جدید بالی ووڈ گانوں اور منشیات کی روک تھام کے موضوع پر لکھے گئے گانوں سے طلباءکو محظوظ کیا ۔