سرینگر //کاٹھی دروازہ سے شاہ آباد سعدہ کدل جانے والی سڑک کی خستہ حال کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ کاٹھی دروازہ سے شاہ آباد سڑک کو سال 2013میں ڈرنیج کی تعمیر کیلئے کھودا گیا تھا لیکن 7سال کا عرصہ گزر جانے کے بائوجود بھی مذکورہ سڑک پر میکڈیم نہیں بچھایا گیا ہے۔ کاٹھی دروازہ کے سمیر احمد نے بتایا کہ سڑک کھودی گئی اور ڈرنیج بھی تعمیر ہوئی ہے لیکن 7سال کا عرصہ گذر گیانہ تو سڑک کی مرمت کی گئی اور نہ ہی میگڈم بچھایا گیا ہے‘‘۔سمیر احمد نے بتایا ’’ پہلے ڈرنیج کی تعمیر میں 5سال لگائے گئے اور اب سڑک کی مرمت میں شاید مزید 5سال کا وقت لگے گا کیونکہ پچھلے تین سال سے نہ تو اس سڑک کی مرمت کی گئی اور نہ ہی میگڈم بچھانے کیلئے کوئی کام کیا گیا ہے‘‘۔سمیر نے بتایا ’’ دفعہ 370کی تنسیخ کے بعد محکمہ جات میں آئی تبدیلی کی وجہ سے اب ہمیں ایک دفتر سے دوسرے دفتر گمایا جارہا ہے۔ سمیر نے بتایا کہ محکمہ یو ای ای ڈی والے سڑک کی مرمت کا کام سیٹی ڈرنیج کے محکمہ کی ذمہ داری بتا رہے ہیں جبکہ سڑک کھودنے والا محکمہ لائو ڈا کا دعویٰ ہے کہ سڑک کی مرمت کا پیسہ یو ای ڈی محکمہ کو دیا گیا ہے۔ علاقے کے ایک بزرگ شہری محمد اشرف خان نے بتایا ’’ ہم لوگ کبھی مونسپلٹی اور کبھی یوای ای ڈی محکمہ کے چکر لگانے پر مجبور ہوئے کیونکہ خانیار سے حضرت بل جانے والی سڑک پر میگڈم تو بچھایا گیا لیکن اندرونی سڑکوں کی صورتحال انتہائی خستہ ہے۔