سرینگر// کرائم برانچ کشمیر نے اپنے دوست کو دھوکہ دے کر اس سے زائد از 25 لاکھ روپے ہتھیانے کے الزام میں ایک ملزم کے خلاف کورٹ آف سٹی جج سری نگر میں چارج شیٹ پیش کیا ہے ۔یہ چارج شیٹ سید آفاق معراج ساکن گلی کدل نوشہرہ کے خلاف پیش کیا گیا ہے ۔کرائم برانچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکیم ندیم عباس ساکن باغوان پورہ لال بازار نے ایک شکایت درج کی کہ سید آفاق معراج،جو سائشہ انٹر پرائزز کا واحد مالک ہے ، اور میرا دوست بھی ہے ، نے کھنموہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں چار کنال پر مشتمل اراضی کا ایک ٹکڑا لیز پر لیا ہے ۔شکایت میں الزام لگایا گیا کہ ملزم کو کچھ مالی مشکلات در پیش تھے جس کے بنا پر اس نے شکایت گذار کو مذکورہ یونٹ خریدنے پر راضی کیا’۔ندیم عباس نے یہ یونٹ خریدا اور آفاق معراج کے ساتھ ایک معاہدہ طے کرکے اس کو 25 لاکھ 15 ہزار روپے کی رقم دے دی۔بیان میں کہا گیا لیکن مبینہ ملزم نے نہ ہی ندیم عباس کو اپنا شراکت دار بنایا اور نہ ہی اس کو مذکورہ رقم واپس دی۔کرائم برانچ نے اس میں تحقیقات شروع کیں اور مبینہ ملزم کو اس جرم میں ملوث پایا گیاجبکہ مسئلے کے حقائق سے واقف لوگوں کے بیانات کو ریکارڈ کیا اور اس سے متعلق ریکارڈ کو متعلقہ دفاتر سے حاصل کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے حقائق اور حالات کے بنیاد پر ملزم سید آفاق معراج کے خلاف سیکشن 420 آر پی سی کے تحت کیس کی تحقیقات کو ‘ثابت’ قرار دیا گیا۔(یو این آئی )