سری نگر // منفی درجہ حرارت کے باعث وادی میں کئی ایک آبی ذخائر بشمول شہرہ آفاق ڈل جھیل کو بدھ کی صبح جزوی طورپر منجمند پایا گیا۔ اس کے علاوہ کچھ ایک علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی لائنیں بھی منجمند ہو گئی ہیں جس کے باعث ایسے علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہو کررہ گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کا درجہ حرارت منفی 3.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9 سینٹی گریڈ ریکارڈ کئے جانے کے بعد سری نگر میں سیاحوں کی تفریح کے مرکز شہرہ آفاق جھیل کے اندرونی حصے بدھ کی صبح منجمند پائے گئے ۔ بدھ کی صبح ڈل جھیل کے اندرونی علاقوں میں شکار والوں کو یخ کی پرت توڑ کر شکارے کے لئے جگہ بناتے ہوئے دیکھا گیا۔(یو این آئی)