پونچھ//خاتون جنت کی شہادت کے حوالے سے پوری دینا میں مجالس عزا منعقد کی جاتی ہیں۔ایک روایت کے مطابق جناب زہرا سلامہ اللہ علیہا کی شہادت17جمادی الاولی کو ہوئی ہے ۔اس سلسلہ میں سالِ گذشتہ کی طرح اس بار بھی انتظامیہ کمیٹی مسجد اہلبیت علیہ السلام کی جانب سے سہہ روزہ مجالس بعنوان ایام فاطمیہ15 ،16اور17 دسمبر بعد از نماز مغربین منعقد کی جا رہی ہیں ۔ اس سلسلہ کی پہلی مجلس گزشتہ شب منعقد کی گئی جس میں جگر گوشہ رسول ص، خاتون جنت بی بی سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہ کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے کشمیر سے آئے ہوئے معروف عالم دین حجۃ السلام مولانا علی محمد جون نے کہاکہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہاپیغمبر اکرمؐ و حضرت خدیجہ کی بیٹی، امام علیؑ کی زوجہ اور امام حسنؑ، امام حسینؑ و حضرت زینبؑ کی والدہ ماجدہ ہیں۔ آپ اصحاب کسا یا پنجتن پاک میں سے ہیں اور معصوم ہیں۔ زہرا، بَتول و سیدہ نساء العالمین آپ کے القاب اور اْمّ اَبیہا آپ کی مشہور کنیت ہے۔ حضرت فاطمہ(س) واحد خاتون ہیں جو نجران کے عیسائیوں سے مباہلہ میں پیغمبر اکرمؐکے ہمراہ تھیں۔انہوں نے کہا کہ سورہ کوثر، آیت تطہیر، آیت مودت، آیت اطعام اور حدیث بِضعہ آپؑ کی شان اور فضیلت میں وارد ہوئی ہیں۔ روایات میں آیا ہے کہ رسول اکرمؐ نے فاطمہ زہرؑ کو سیدۃ نساء العالمین کے طور پر متعارف کیا اور ان کی خوشی اور ناراضگی کو اللہ کی خوشنودی و ناراضگی قرار دیا ہے۔ مجلس عزا کے دوران نوحہ و ماتم بھی کیاگیا اور دعا وسلام پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔