سرینگر//جموں وکشمیر گجر بکروال یوتھ ویلفیئر کانفرنس نے ہفتے کو پریس کالونی میں اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایک سازش کے تحت یہاں کے لوگوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے ۔اس موقع پر چودھری مصطفیٰ راہی نامی ایک احتجاجی نے کہا’’آج یہاں ہمارے احتجاج درج کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کچھ دنوں سے افواہیں چل رہی ہیں کہ شیڈول ٹرائب کے دس فیصد کوٹے میں ان لوگوں کو بھی لایا جا رہا ہے جو اس زمرے میں نہیں آتے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو اس زمرے میں لایا جا رہا ہے وہ دوسرے زمروں میں آکر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ گجر بکروال طبقے کے لوگوں کے پاس آج بھی مکان نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ خیموں میں زندگی کے ایام کاٹ رہے ہیں۔ راہی نے کہا کہ ٹکرانے سے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جس کی سرکار خود ذمہ دار ہوگی۔ایک او ر احتجاجی نے کہا کہ جن لوگوں کو انکے زمرے میں لایا جا رہا ہے ان کو دوسری رعایات دی جائیں انہیںکوئی اعتراض نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس زمرے میں قریب بیس لاکھ لوگ آ رہے ہیں۔کچھ دیر تک نعرے بازی کرنے کے بعد احتجاجی کرنے والے پُرامن طور منتشر ہوگئے۔