سرینگر//میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ کے مرکزی دروازے کے باہر سڑک دب جانے سے بڑا حادثہ ہونے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔صورہسپتال کی بیرونی رابطہ سڑک جسے عرف عام میں 90 فٹ شاہراہ کے نام سے جانا جاتا ہے، صورہ پولیس تھانہ کے عقب میں پوری رابط سڑک درمیان میں سے دب گئی ہے جس کے نتیجے میں کسی بھی وقت جانی اور مالی نقصان ہونے کا خدشہ لاحق رہتا ہے۔.90 فٹ سڑک جس پر بژھ پورہ،الہی باغ،ملہ باغ،احمد نگراور ضلع گاندربل کے علاقوں کی طرف دن بھر ہزاروں گاڑیاں چلتی رہتی ہیں،یہ رابطہ سڑک درمیان میں سے دب گئی ہے جس کی وجہ سے روزانہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں جام میں پھنس جاتی ہیںجبکہ ٹرانسپورٹروں کو گاڑیاں چلانے میں بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس دوران صبح شام ٹریفک کا رش ہونے کے اوقات میں بھی جام لگ جاتا ہے جبکہ کسی بھی وقت حادثہ ہونے کا امکان بھی ہے۔مقامی لوگوں اور دکانداروں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سڑک اچانک دب جانے سے سڑک کے بیچوں بیچ 25 فٹ بڑا کھڈا بن گیا ہے جس وجہ سے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ آنے اور جانے والی ایمبولینس گاڑیوں کے ساتھ ساتھ دن بھر سینکڑوں کی تعداد میں کمرشل اور نجی گاڑیوں کو بھی حادثہ ہونے کا خطرہ درپیش رہتا ہے۔