سری نگر//سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید متو نے کہا کہ ہم آہنگی کے کلچر کی وجہ سے ہی جموں و کشمیر میں ہر کمیونٹی اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی ہیں اور ہر ایک فرقے کو احترام کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے۔کرسمس کے موقع پر سینٹ لیوک چرچ کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے متو نے کہا کہ یہاں تمام برادریاں ایک ہیں اور اس شہر کی ہم آہنگی اور تاریخی حیثیت ہے۔انہوں نے کہا کہ اطہر عامر کی قیادت میں سرینگر سمارٹ سٹی کارپوریشن نے خوبصورتی اور پوری توجہ کے ساتھ شہر کے اس تاریخی سینٹ لیوک چرچ کو بحال کیا ہے اور یہ ایک قابل تعریف قدم ہے اور اس حوالے سے ہم آہنگی کے کلچر کو برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقین کی طرف سے اٹھائے گئے اس طرح کے اقدامات قابل تعریف اور خوش آئند ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی کو بحال کرنے کے لئے میں نے خط لکھا ہے ،تاہم انہوں نے کہا کہ مسجد کو بند کرنا اچھا قدم نہیں ہے، لیکن اس کے اوقاف پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ یہ جگہ پرامن رہے اور اسے سیاست کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔