سرینگر//نیشنل کانفرنس رہنما تنویر صادق نے حد بندی کمیشن کی ابتدائی رپورٹ کو مایوس کن اور تشویشناک قرار دیتے کہا ہے کہ مسودہ کا مقصد عوامی طاقت کے توازن کو بگاڑنا اور جموںوکشمیر کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنا ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے حلقہ انتخاب جڈی بل کے یک روزہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میںمختلف سیاسی پارٹیوں سے وابستہ نوجوان عہدیداروں اور کارکنوں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کہاکہ کچھ جماعتوں کی طرف سے جموں و کشمیر کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں اور دونوں خطوں کے درمیان اسمبلی نشستوں کے بٹوارے میں تناسب کو بگاڑنا غیر اخلاقی اور غیر حقیقت پسندانہ ہے۔ ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہاکہ کمیشن نے جموں کے لئے 6اور کشمیر کے لئے صرف ایک نشست تجویز کی ہے، جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ اگر 2011 کی مردم شماری کو مدنظر رکھا جائے اور آبادی کو بنیاد بنایا جائے تو کشمیر کو جموں کے مقابلے زیادہ نشستیں دی جانی چاہیے تھیں،کیونکہ حدبندی میں رقبہ کبھی بھی قابل غور نہیں ہوتا۔