مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی پنچایت منکوٹ اپر میں زیارت پیر رجو شاہ پر عقیدت مندوں کی آمد کیلئے رابطہ پل کی تعمیر کے فنڈز کسی دوسری جگہ منتقل کرنے پر مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ و مقامی انتظامیہ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ زیارت ہر جمعرات کو سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مند آتے ہیں جبکہ مذکورہ مقام پر ہر برس دو مرتبہ عرس بھی ہوتا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ پیدل دریا عبور کرکے آتے ہیں لیکن اس کے باوجود متعلقہ محکمہ نے بھاری رشوت کی عوض میں پل کی تعمیر کے فنڈ کو دوسری جگہ پر منتقل کر دیا ہے ۔سرپنچ چوہدری محمد رزاق ،ممبر پنچایت عبدالحفیظ ،حمیدہ بی ،عبدالحمید ،میر محمد ،محمد شفیق ،سلیمہ بی و دیگران نے بتایا کہ 76میٹر لمبے پل کی تعمیر کیلئے 15لاکھ روپے منظور کئے گئے تھے لیکن محکمہ نے مبینہ طورپر رشوت کی لالچ میں آکر مذکورہ تعمیراتی کام کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پل کی تعمیر والی جگہ سے 2پنچایتوں کی عوام کا راستہ گزرتا ہے لیکن اس کے باوجود متعلقہ محکمے نے لاپرواہی سے کام لیتے ہوئے عوام کو مزید پیچیدگیوں میں مبتلا کر دیا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ فنڈز کی منتقلی کی جانچ کروا کر ملوث ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔