سرینگر //محکمہ موسمیات نے 22اور23جنوری تک ہلکے برف وباراں کی پیشگوئی کی ہے البتہ 24جنوری سے 31 جنوری اٹتام چلہ کلاں تک کوئی برفباری نہیں ہوگی اور موسم خشک رہے گا ۔ٹنل کے آر پار منگل اور بدھ کی درمیانی رات سے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ، جو بدھ کو بھی دن بھر وقفہ وقفہ سے جاری رہی۔گلمرگ ،سونہ مرگ، کپواڑہ ، کرناہ ، بانڈی پورہ ، شوپیان اوربڈگام میں برف باری ہوئی جبکہ سرینگر سمیت جنوبی کشمیر کے کچھ ایک میدانی علاقوں میں صبح سے وقفے وقفے سے بارشیں ہورہی تھیں۔ادھر تازہ برف باری کے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں سڑکیں ہنوز بند ہیں ۔کرناہ کے سادھنا ٹاپ پر تازہ ایک فٹ برف جمع ہے جبکہ پھرکیاں ٹاپ اور زیڈ گلی مژھل میں بھی تازہ برف باری ہوئی ۔ اشرف چراغ کے مطابق ان علاقوں کو جانے والی سڑکوں کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا تھا تاہم تازہ برف باری کے نتیجے میں کام میں خلل پڑا ہے ۔ فیاض بخاری کے مطابق گلمرگ میں تازہ 4انچ برف جمع ہو چکی ہے، جبکہ ضلع کے پٹن ، سوپور ، رفیع آباد، حاجی پیر اور اوڑی کے میدانی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری ہوئی ۔بانڈی پورہ کے رازدان ٹاپ پر تازہ برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ضلع کے کچھ ایک میدانی علاقوں میں بارشیں، جبکہ کہیں ہلکی برف باری ہوئی ۔ ارشاد احمد کے مطابق گاندربل ٹائون اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارشیں ہو رہی تھیں ،تاہم سونہ مرگ ، زیڈ موڑ ، گمری ، زوجیلہ ، کنگن کے اوپری علاقوں میں برف باری ہوئی ۔ ضلع بڈگام کے کھاگ ،چرار شریف ، خانصاب ، توسہ میدان ، دودھ پتھری ،یوسمرگ ، آریزال ، کنہ دجن میں برف باری ہو رہی تھی شام دیر گئے تک ان علاقوں میں 3سے4انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی تھی ۔ضلع شوپیاں میں اگرچہ صبح کے وقت ہلکی برف باری ہوئی تھی تاہم بعدمیں ہلکی بارشیں ہوئیں۔ شوپیاں سمیت جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع اننت ناگ ،کولگام ، پلوامہ میں موسم آبرالود تھا ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 31جنوری تک کوئی بڑی موسمی تبدیلی نہیں ہو گی البتہ 22اور23 تک وادی کے بالائی او ر میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی برف باری اور بارشوں کے 60فیصد امکان ہیں اس کے بعدبنیادی طور پر موسم 24 جنوری سے خشک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ کے مطابق بدھ کو کچھ ایک مقامات پر ہلکی برف باری اور بارشیں ہوئیں جبکہ کچھ ایک مقامات پر موسم آبرالود رہا۔ادھر بانہال، کھڑی، مہو منگت، چملواس، پوگل پرستان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں دن بھر ہلکی بارشیں اور ہلکی برفباری ہوتی رہی۔کشتواڑ اور ڈوڈہ کے پہاڑی علاقوں میں بھی ہلکی بارشیں اور معمولی برفباری ہوئی۔