جموں//جموں و کشمیر حکومت نے پبلک سروس کمیشن (پی ایس سی) اور سروس سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی) کو سلیکشن کے لیے بھیجی گئی تمام اسامیاں واپس لے لی ہیں جنہیں 31اکتوبر 2019سے پہلے سلیکشن کے لیے بھیجا گیا تھا۔
پی ایس سی اور ایس ایس بی کو لکھے گئے ایک خط میں، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) نے دونوں سلیکشن باڈیز کو مشورہ دیا ہے کہ 31اکتوبر 2019 سے پہلے ان کے پاس بھیجی گئی تمام پوسٹیں جن کے لیے ابھی تک انتخاب نہیں کیا گیا، واپس لے لیا جائے۔
31اکتوبر2019سے پہلے پی ایس سئ اور ایس ایس بی کو بھیجی گئی تمام پوسٹیں، جن کے لیے آج تک انتخاب کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے، اسی طرح وہ پوسٹیں جن میں قانونی چارہ جوئی ہے اور معزز عدالت میں مقدمات زیر التوا ہیں، ان کو واپس لے لیا گیا سمجھا جائے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر، منوج سنہا کی سربراہی میں انتظامی کونسل نے اپنی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا۔
جی اے ڈی نے دونوں سلیکشن باڈیز سے کہا ہے کہ وہ انتظامی کونسل کے فیصلے پر مکمل عمل کریں۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں تمام گزیٹیڈ سرکاری ملازمتوں کے لیے PSC کے ذریعے بھرتی کیا جاتا ہے جبکہ نان گزیٹڈ ملازمتوں کے لیے امیدوار SSB کے ذریعے بھرتی کیے جاتے ہیں۔