سری نگر//جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے زکورہ علاقے میں شبانہ تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ٹی آر ایف کے 2 جنگجو مارے گئے۔
ایک پولیس ترجمان نے تصادم آرائی کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے سری نگر کے رنگ پورہ زکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم ایک مشتہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
انہوں نے کہا کہ تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ٹی آر ایف سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے۔
بیان میں مہلوک جنگجوؤں کی شناخت اخلاق احمد حجام ولد عبدالاحد حجام ساکن فرصل کولگام، جو جون 2021 سے سرگرم تھا اور عادل نثار ڈار ولد نثار احمد ڈار ساکن ملنگ پورہ پلوامہ جو اگست 2021 سے سرگرم تھا، کے بطور کی گئی ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا: ’ اخلاق احمد حجام حسن آباد اننت ناگ میں علی محمد نامی پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی ہلاکت کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مہلوک جنگجوؤں کی تحویل سے دو پستول اور پانچ ہینڈ گرینیڈ اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کئے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ مہلوک جنگجو نوجوانوں کو جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے کی ترغیب دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔