سرینگر//جموں و کشمیر اور لداخ کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے، جبکہ پیر کو میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ۔اس دوران وادی ،خطہ پیرپنچال و چناب اورجموں میںسوموار کومطلع ابروآلود رہا،اوردن کے درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ جموں و کشمیر اور لداخ کے بالائی علاقوں میں پیر کو تازہ برف باری ہوئی ۔ گلمرگ میں 6 سے 8 انچ برف جمع ریکارڈ کی گئی جبکہ کپو اڑہ کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی ۔ کرناہ کپوارہ شاہراہ دوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی ۔سادھنا ٹاپ پر تازہ ایک فٹ برف جمع ہونے کی اطلاعات ہیں ۔جبکہ پھرکیاں ٹاپ اور مژھل کی زیڈ گلی پر بھی تازہ برف باری ہوئی ۔ادھر سونہ مرگ ،زوجیلہ ، گمری ، زیڈ موڑ، منی مرگ اور دیگر علاقوں میں بھی تازہ ہلکی برف باری ہوئی ۔شہر سرینگر سمیت وادی کے بیشتر میدانی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی بارشیں ہوتی رہیں۔ سرینگر میں اتوار اورپیرکی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 2.2، پہلگام میں منفی0.5 اور گلمرگ میں منفی 5.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔اُدھرخطہ پیرپنچال و چناب اورجموں میں دن کادرجہ حرارت کم ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بھی موسم جوں کا توں رہے گا اور کچھ ایک علاقوں میں ہلکی بارشیں اور برف باری کا امکان ہے ۔خیال رہے 70روز پرمحیط کڑے موسم سرما کاپہلا اورمشکل ترین 40روز ہ مرحلہ (چلہ کلان) مکمل ہوچکاہے اورفی الوقت20دنوں پرمحیط چلہ خورد کے ایام جاری ہیں ۔