نوشہرہ //پی ایچ یونائیٹڈ فرنٹ کے بینر تلے محکمہ جل شکتی میں کام کرنے والے عارضی ملازمین نے دوسرے دن بھی اپنا کام ٹھپ کرکے جموں و کشمیر انتظامیہ کے خلاف نعریبازی کی ۔عارضی ملازمین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ان کیساتھ نا انصافیاں کی جارہی ہیں لیکن ابھی تک ان کی مانگوں کو پورا نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی ماہ سے وہ بغیر کسی اجرت کے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن انتظامیہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی ان کے مسائل کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک حکومت کی جانب سے ان کی 54ماہ کی بقایا تنخواہ کو بھی وگزار نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عارضی ملازمین کے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ مظاہرین نے حکومت و سیاسی لیڈران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انتخابات کے دوران عارضی ملازمین کیساتھ وعدے کئے جاتے ہیں لیکن اس کے بعد ان کی مانگوں و مشکلات کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ خطہ پیر پنچال میں محکمہ جل شکتی کی لگ بھگ پوری سرگرمیاں عارضی ملازمین کے ذریعے چلائی جارہی ہیں تاہم ان ملازمین کی مانگوں کو گزشتہ کئی عرصہ سے پورا نہیں کیا جارہا ہے ۔عارضی ملازمین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مانگوں کو جلدازجلد پورا کیا جائے ۔