خوردنی تیل بنانے والی کمپنی پر125800روپے جرمانہ عائد | فوڈ سیفٹی ایکٹ کیخلاف ورزی کا شاخسانہ
سری نگر// سری نگر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سید حنیف بلخی نے فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایکٹ (FS&SA) کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف فوڈ بزنس آپریٹروں (FBOs) پر 1,25,800 جرمانہ عائد کیا ۔جن ایف بی اوز پر جرمانہ عائد کیا گیا ان میں ریفائنڈ خوردنی تیل بنانے والی کمپنی ریجنل آئل سیڈ گروورس کوآپریٹو یونین ،ایم آئی الور جس کا برانڈ نام "دھرا ایشور" ہے۔یہ شکایات ضلع سری نگر کے فوڈ سیفٹی افسران نے اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی سری نگر کی طرف سے قانونی چارہ جوئی کی منظوری کے بعد جمع کروائی تھیں۔اس کے علاوہ قصابوں کے خلاف 9 شکایات ملی ہیں اور انہیں مجاز عدالت میں پیش کرنے کے لیے تیار کیا گیا۔کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن شکیل الرحمان نے تمام قصابوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے باہر آویزان پرزوں کو دھویں اور شیشے کے فریم لگائیں بصورت دیگر فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی شروع کی جائے گی۔دریں اثنا، ڈویڑنل کمشنر کشمیر کی ہدایات کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء خاص طور پر دودھ، گوشت اور قصاب کی دکانوں کی صفائی کے معیار کو جانچنے کی مہم کو آنے والے دنوں میں تیز کیا جائے گا۔
حضرت بلبل شاہ کا عرس | حقانی میموریل ٹرسٹ کاخراج عقیدت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت عبدالرحمان ترکستانی المعروف بلبل شاہ کو ان کے عرس شریف پر نذرانہ عقیدت پیش کیا ہے ۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے حضرت بلبل شاہ کو گلہائے عقیدت اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت بلبل شاہ کو یہ شرف حاصل ہے کہ وہ کشمیر کے پہلے صوفی مانے جاتے ہیں جنہوں نے یہ اسلام کی اشاعت کی شروعات کیں ۔آپ کے ذریعے جو کشمیر میں اسلام اور تصوف کی بنیاد پڑی وہ اتنی پختہ ثابت ہوئی کہ بعد میں اسی پر شاندار عمارت تیار ہوئی۔ایسی عمارت جوآج بھی قائم ودائم ہے اور انشاللہ صبح قیامت تک قائم رہے گی۔ ٹرسٹ کے جملہ عہدہ داران و اراکین ٹرسٹ ، تحریک اسلامی جموں وکشمیر، ابن حقانی یوتھ فاونڈیشن جموں و کشمیر، شعبہ تعلیم کے زعما، دارلعلوم حقانیہ سویہ بگ ، دارلعلوم قریشیہ شیری بارہمولہ ، دارلعلوم سلطان العارفین ترچھل پلوامہ ،دارلعلوم فیضان مدینہ آروہ بیروہ، دارلعلوم شاہ ولی اللہ ست بونن کپوارہ ،جامع ھدایت البنات کرالہار ، دارلعلوم رحمت عالم یار بگ رفیع آباد، دارلعلوم صدیقیہ لٹھی شاٹ سوپور ،دارلعلوم حنفیہ گنڈ براٹھ ، مدرسہ نور الاسلام براٹھ کلان سوپور، دارلعلوم سید اسماعیل بخاری شتلوہ ، دارلعلوم کاشانیہ ربن سوپور ، حنفیہ دارلعلوم حی علی الفلاح ہد پورہ کھی ٹنگن ، دارلعلوم الاعتقاد فیضانِ مدینہ ترکانجن اور ،مدرسہ اسلامیہ مصباح العلوم نلی گھرکوٹ مہوڑہ اوڑی کے منتظمین و مدرسین نے بھی حضرت بلبل شاہ رحمتہ اللہ علیہ کو ان کے عرس مبارک پر گلہائے عقیدت پیش کیے ہیں۔
عوامی مجلس عمل کا اظہار تعزیت
سرینگر// عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے ہمدرد اور میرواعظ خاندان کے محب خاص معراج الدین آغاسکونت فرنڈس کالونی ایچ ایم ٹی سرینگر کے فرزند فرقان معراج آغا اور شہر خاص ٹریڈرس فیڈریشن کے سرگرم چیرمین اور تنظیم و تحریک کے ہمدرد نذیر احمد شاہ، کے ماموں جان ، مرحوم الحاج بشیر احمد وانی سکونت پیرباغ سرینگر کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔بیان میں تنظیم کی قیادت خاص طور پر گزشتہ ڈھائی سال سے مسلسل نظر بند رکھے گئے سربراہ تنظیم میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی جانب سے آغا خاندان اور وانی خاندان کے ساتھ تعزیت اور تسلیت کااظہار کیاگیا اور بارگاہ خداوندی میں مرحومین کی مغفرت اور جنت نشینی اور سوگواروں کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ۔دریں اثنا تنظیمی وفود نے معراج الدی آغا اور حاجی بشیر احمد وانی کے گھر جاکرایصال ثواب اور فاتحہ خوانی کی تقاریب میں شمولیت کی اور مرحومین کو خراج عقیدت پیش کیا۔