میلبورن//آسٹریلیا اور رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل اپنی شادی کی وجہ سے آئندہ آئی پی ایل 2022 سیزن کے شروع کے کچھ میچوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے ۔ اس سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور کی کپتانی کرنے والے میکسویل نے تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے اور امکان ہے کہ وہ اپنی شادی کی وجہ سے آئی پی ایل کے ابتدائی میچوں میں شرکت نہیں کریں گے ۔ وہ اپنی شادی کی وجہ سے فی الحال میلبورن میں ہی رہیں گے ۔ انہوں نے کینبرا میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد بات چیت کے دوران مقامی نشریاتی ادارے فاکس کرکٹ سے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا سے مشاورت کے باوجود شیڈول میں بار بار تبدیلیوں کی وجہ تاریخوں میں تال میل بٹھانا مشکل ہے ۔ میکسویل نے کہا، ‘‘دراصل جب میں نے کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ تاریخیں شیئر کیں تو دو ہفتوں کا وقفہ تھا جہاں میں ممکنہ طور پر کوئی بھی میچ چھوڑے بغیر شادی کر سکتا تھا۔ میں بہت خوش تھا کہ میں کسی سیریز سے باہر نہیں ہوں گا اور پھر میں کرکٹ آسٹریلیا کی کنٹریکٹ میٹنگ میں آیا اور مجھے معلوم ہوا کہ پاکستان کے ساتھ سیریز ہے اور پھر میں نے سوچا کہ بنیادی شیڈول تبدیل ہوگیا ہے ۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے تصدیق کی تھی کہ آئی پی ایل کا 15 واں سیزن مارچ کے آخری ہفتے میں شروع ہوگا اور مئی کے آخر تک چلے گا۔