سرینگر//محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں آج شام سے کل شام تک بالائی علاقوں میں برف وباراں کے ایک اور مرحلہ کی پیشگوئی کی ہے ۔وادی کشمیر میں20 روزہ چلہ خورد کے اختتام کے بعد چلہ بچہ کی آمد ہوئی ہے، جو سردی اور برفباری کے سلسلے کا آخری اور تیسرا مرحلہ ہے۔محکمہ موسمیات نے 22اور 23ف روری کو برف وباراں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکا اثر زیادہ تر جموبی کشمیر اور چناب خطے میں ہوگا۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق 22فروری یعنی آج شام سے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہو گا جو 23کو وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔۔انہوں نے کہا کہ برف باری کی وجہ سے سادھناٹاپ، جموں سرینگر شاہراہ ،سنتھن ٹاپ سمیت دیگر سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل پڑ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد اگلے دس روز تک موسم خوشگوار رہے گا۔ادھراتوار اور سوموار کی درمیانی رات سرینگرمیں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.1 ڈگری سلسیش کم تھا۔ گلمرگ میں منفی8.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں منفی 6.0، قاضی گنڈ میں منفی 2.8اورکپوارہ میں منفی0. 3 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔